این ڈی اے حکومت نے بہار میں خواتین کو خوف کے سائے سے نکالا ہے: اسمرتی ایرانی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-11-2025
این ڈی اے حکومت نے بہار میں خواتین کو خوف کے سائے سے نکالا ہے: اسمرتی ایرانی
این ڈی اے حکومت نے بہار میں خواتین کو خوف کے سائے سے نکالا ہے: اسمرتی ایرانی

 



پٹنہ/ آواز دی وائس
بھارتیہ  جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما اور سابق مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے منگل کے روز کہا کہ بہار میں قومی جنتانترک اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت نے خواتین کو بے بسی اور خوف کے سائے سے باہر نکالا ہے۔ پٹنہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں ایرانی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دکھ ہے کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے بہار میں خواتین سے متعلق فلاحی اسکیموں کے فوائد کو “روکنے” کے لیے الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا کے تحت بہار کی تین کروڑ سے زائد خواتین کو فائدہ ہوا ہے، جبکہ اُجولا یوجنا کے تحت 1.16 کروڑ خواتین کو اس کا فائدہ حاصل ہوا ہے۔ ہم نے یہ بھی دیکھا ہے کہ ہر گھر میں بیت الخلا تعمیر کرنے کا وعدہ پورا کیا گیا ہے۔ ایرانی نے کہا کہ میرے لیے یہ تکلیف دہ بات ہے کہ ایک طرف این ڈی اے حکومت بہار کی خواتین مستفیدین کے کھاتوں میں براہِ راست مالی امداد منتقل کر رہی ہے، تو دوسری طرف آر جے ڈی کے رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر ان فوائد کو روکنے کی درخواست دی ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے 31 اکتوبر کو الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر الزام لگایا تھا کہ بہار حکومت نے ضابطہ اخلاق (ایم سی سی) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 17، 24 اور 31 اکتوبر کو ’’وزیر اعلیٰ خواتین روزگار یوجنا‘‘ کے تحت خواتین کو رقم منتقل کی ہے۔ ایرانی نے بتایا کہ بہار میں این ڈی اے حکومت نے اب تک 1.3 کروڑ خواتین کے کھاتوں میں دس دس ہزار روپے کی رقم بھیجی ہے، اور آئندہ ہر مستفیدہ کو کل دو لاکھ روپے دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے نہ صرف خواتین کو خودمختار بنانے کے لیے براہِ راست مالی مدد فراہم کی ہے بلکہ خواتین کی سیاسی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے تاریخی ’خواتین ریزرویشن بل‘ بھی منظور کیا ہے۔ ایرانی نے مزید کہا کہ حزبِ اختلاف کی مخالفت کے باوجود پارلیمنٹ میں خواتین ریزرویشن بل پاس کر کے بی جے پی قیادت نے خواتین کے احترام اور بااختیاری کے تئیں اپنی پختہ وابستگی کو ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی کے لیے یہ عزم صرف اعلانات تک محدود نہیں ہے بلکہ براہِ راست مالی امداد اور پالیسی فیصلوں کی صورت میں زمینی سطح پر بھی نظر آ رہا ہے۔
بہار اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں 6 اور 11 نومبر کو ہوں گے، جبکہ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو کی جائے گی۔