نئی دہلی / آواز دی وائس
نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ نے دو نئے تعلیمی ماڈیولز متعارف کرائے ہیں جن کے عنوان ہیں ’سودیشی: ووکل فار لوکل‘۔ یہ ماڈیولز وزیر اعظم نریندر مودی کے آتم نربھر ہندوستان کے ویژن کو تاریخی سودیشی تحریک سے جوڑتے ہیں۔
یہ ماڈیولز وزیر اعظم کے 79ویں یومِ آزادی کے خطاب کے اقتباسات سے شروع ہوتے ہیں جن میں انہوں نے خود انحصاری کو "قومی طاقت اور وقار کی بنیاد" قرار دیا اور شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستانی اشیا کی خریداری کو مجبوری نہیں بلکہ فخر کا عمل بنائیں۔
یہ ماڈیولز یاد دلاتے ہیں کہ سودیشی تحریک 1905 میں کلکتہ ٹاؤن ہال میں شروع کی گئی تھی جب بال گنگا دھر تلک، لالہ لاجپت رائے اور بپن چندر پال جیسے رہنماؤں نے عوام کو برطانوی سامان کے بائیکاٹ اور ہندوستانی مصنوعات اپنانے کے لیے متحرک کیا۔ بعد میں مہاتما گاندھی نے سودیشی کو "سوراج کی روح" قرار دیتے ہوئے اسے سماجی اور روحانی خود انحصاری کی ایک گہری تحریک میں بدل دیا۔
متن میں آج کے دور کی پہلوں سے بھی ربط قائم کیا گیا ہے۔ طلبہ کو ہندوستان سیمی کنڈکٹر مشن سے متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد درآمدی انحصار کو کم کرنا اور اس شعبے میں گھریلو صلاحیت پیدا کرنا ہے جو اسمارٹ فونز سے لے کر آٹوموبائل اور دفاعی نظام تک ہر چیز کو طاقت دیتا ہے۔ ماڈیولز وضاحت کرتے ہیں کہ سیمی کنڈکٹر نہ صرف اقتصادی ترقی بلکہ قومی سلامتی کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں، اور کس طرح ہندوستان کی چِپ بنانے اور ڈیزائن کی سہولیات میں سرمایہ کاری ملک کو ایک عالمی اختراعی مرکز کی حیثیت دے رہی ہے۔
ٹیکنالوجی کی اس پیش رفت کے ساتھ ماڈیولز میں مقامی سطح کی انٹرپرینیورشپ کی کہانیاں بھی شامل ہیں جو ووکل فار لوکل کی روح کو زندہ کرتی ہیں۔ کیرالہ میں ایک خاتون کاروباری نے بودھی ستھوا کوئر ورکس* قائم کیا جہاں مقامی خواتین ہاتھ سے تیار کی گئی چٹائیاں بناتی ہیں جو اب دنیا بھر میں فروخت ہو رہی ہیں۔
راجستھان کے جودھپور ضلع میں ایک نوجوان نے ایک گاؤشالہ کو روزگار پیدا کرنے کے مرکز میں بدل دیا جہاں گوبر سے کھاد، ماحول دوست دیے اور جڑی بوٹیوں پر مبنی مصنوعات تیار کی جا رہی ہیں، جس سے اس کی برادری کے کئی لوگوں کو روزگار ملا۔
یہ اسباق روزمرہ کی مثالوں کے ساتھ جوڑے گئے ہیں تاکہ طلبہ کے لیے سودیشی کو قابلِ فہم بنایا جا سکے۔ ماڈیولز میں بچوں کا ذکر ہے جو کرناٹک کی چنّا پٹنا گڑیاں اور تمل ناڈو کی تھنجاور بوبل ہیڈ گڑیاں تحفے کے طور پر منتخب کرتے ہیں، تاکہ دکھایا جا سکے کہ مقامی دستکاری کی حمایت نہ صرف روایات کو زندہ رکھتی ہے بلکہ محفوظ اور ماحول دوست متبادل بھی فراہم کرتی ہے۔ اسی طرح، خاندانوں کو تہواروں کے دوران مقامی اشیا استعمال کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے جو مہاتما گاندھی کے خود انحصاری کے وژن کو سچا خراجِ تحسین ہے۔
ہندوستان کی موجودہ کوششوں کو تہذیبی تناظر میں پیش کرتے ہوئے ماڈیولز نالندہ اور ٹکششیلا جیسے قدیم علمی مراکز اور صفر، اعشاریہ نظام اور جدید دھات سازی جیسی ایجادات کو یاد دلاتے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ یہ وراثت ایک لازوال خود انحصاری کی روح کی عکاس ہے جو آج بھی "ووکل فار لوکل" کی پکار کو تحریک دیتی ہے، جبکہ ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بننے کی سمت بڑھ رہا ہے۔