ناسا کا تاریخی آرٹیمیس-2 سائنس لانچ،

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-04-2026
ناسا کا تاریخی آرٹیمیس-2 سائنس لانچ،
ناسا کا تاریخی آرٹیمیس-2 سائنس لانچ،

 



نئی دہلی
امریکی خلائی ایجنسی ناسا  نے بدھ کے روز آرٹیمس 2 کو خلا میں روانہ کر دیا۔ اس مشن میں چار خلاء باز چاند کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔ یہ 50 سال بعد بھیجا جانے والا پہلا انسان بردار قمری مشن ہے۔  اپولو پروگرام کے بعد یہ پہلا انسانی مشن ہے جو چاند کے گرد چکر لگائے گا۔ یہ مشن دو سال کے اندر چاند پر اترنے کی ناسا کی کوششوں کی شروعات ہے۔یہ مشن کینیڈی اسپیس سینٹر  سے لانچ کیا گیا اور اسے امریکی خلائی پروگرام کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ ناسا اس مشن کے ذریعے خلاء بازوں کو دوبارہ چاند کی سطح پر بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ لانچ سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  ٹروتھ سوشل  پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 50 سال میں پہلی بار امریکہ دوبارہ چاند پر جا رہا ہے… کوئی بھی ہمارے قریب نہیں! امریکہ صرف مقابلہ نہیں کرتا، ہم اپنی برتری قائم کرتے ہیں اور پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔
لانچ سے پہلے کئی گھنٹوں تک لانچ پیڈ پر تیاریاں جاری رہیں۔ ناسا کے لائیو اپڈیٹس کے مطابق آرٹیمس 2 کی کلوز آؤٹ ٹیم نے خلاء بازوں کو اسپیس سوٹ پہنانے، کیبن کی جانچ، اورین خلائی جہاز) میں داخلہ، ہیچ بند کرنے اور دیگر آخری مراحل میں مدد فراہم کی۔ اس کے بعد ٹیم نے لانچ کمپلیکس 39 بی  کو خالی کر دیا اور خلائی جہاز کو لانچ کنٹرولرز کے حوالے کر دیا۔
مشن دیکھنے کے لیے عوام کا ہجوم
یہ مشن چاند پر دوبارہ قدم رکھنے کی ناسا کی مہم کا آغاز ہے۔ امریکہ کے تین اور کینیڈا کے ایک خلاء باز کو لے کر 32 منزلہ راکٹ کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہوا، جہاں اس تاریخی لمحے کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے۔ اطراف کی سڑکیں اور ساحل بھی لوگوں سے بھر گئے، جس سے 1960 اور 1970 کی دہائی کے اپولو مشنز کی یاد تازہ ہو گئی۔ یہ چاند پر مستقل موجودگی قائم کرنے کی سمت ناسا کا اب تک کا سب سے بڑا قدم ہے۔
آرٹیمس 2 نے فلوریڈا کے اسی مقام سے پرواز بھری جہاں سے ماضی میں اپولو کے خلاء بازوں کو چاند پر بھیجا گیا تھا۔ ان میں سے جو چند افراد اب بھی زندہ ہیں، انہوں نے بھی نئے مشن کی حوصلہ افزائی کی۔
آرٹیمس 2 کی قیادت کون کر رہا ہے؟
آرٹیمس 2 کے کمانڈر  ریڈ وائز مین نے "چلو چاند پر چلتے ہیں" کے نعرے کے ساتھ اس مشن کی قیادت کی۔ ان کے ساتھ پائلٹ  وکٹر گلوور، کرسٹینا کوچ اور کینیڈا کے جیریمی ہینسن شامل تھے۔ یہ اب تک کا سب سے متنوع عملہ ہے، جس میں پہلی بار ایک خاتون، ایک غیر سفید فام فرد اور ایک غیر امریکی شہری ناسا کے نئے اورین کیپسول میں سوار ہوئے۔خلاء بازوں نے اپنے اہلِ خانہ کو الوداع کہتے وقت ہاتھوں سے دل کا نشان بنایا اور ایسٹرو وین میں سوار ہو کر لانچ سائٹ پہنچے، جہاں ان کا خلائی جہاز ان کا منتظر تھا۔
خلاء باز اپنی 10 روزہ آزمائشی پرواز کے پہلے 25 گھنٹے زمین کے قریب رہیں گے، زمین کے گرد مدار میں کیپسول کی جانچ کریں گے اور پھر مرکزی انجن کو فعال کریں گے جو انہیں چاند کی جانب لے جائے گا۔ وہ نہ چاند پر اتریں گے اور نہ اس کے گرد مکمل چکر لگائیں گے، جیسا کہ 1968 میں اپولو 8 کے خلاء بازوں نے کیا تھا۔ ان کا کیپسول چاند کے قریب سے گزرے گا اور تقریباً 6,400 کلومیٹر آگے جا کر یو ٹرن لے کر بحرالکاہل میں واپس اترے گا۔ اس طرح وہ تاریخ میں سب سے دور سفر کرنے والے انسان بن جائیں گے۔
آرٹیمس 1 کے بعد اگلا مرحلہ
آرٹیمس 1 کے لانچ کو تین سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اس مشن میں کوئی انسان سوار نہیں تھا اور اس میں زندگی بچانے والے آلات، پانی کی فراہمی کا نظام اور بیت الخلا جیسی سہولیات موجود نہیں تھیں۔ یہ تمام نظام پہلی بار آرٹیمس 2 میں استعمال ہو رہے ہیں، جس سے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی لیے ناسا وائز مین اور ان کی ٹیم کو چاند کی جانب چار دن کے سفر اور واپسی کے چار دن کے سفر پر بھیجنے سے پہلے ایک دن تک مکمل جانچ کرے گا۔