نئی دہلی ۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بدھ کے روز قومی دارالحکومت میں واقع آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دفتر میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ ہولی کا تہوار منایا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سب کو پیار بھری نفرت مٹانے والی ہولی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ یہ تہوار لوگوں کے درمیان موجود کدورتوں کو ختم کرے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں رنگوں اور محبت کے اس تہوار پر سب کو دلی مبارکباد دی اور دعا کی کہ ہولی سب کی زندگیوں میں نئی امید تازہ ولولہ اور بے شمار خوشیاں لے کر آئے۔
کانگریس کے رکن پارلیمان راجیو شکلا نے بھی عوام کو ہولی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس بھی اس تہوار کو جوش و خروش سے منا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہولی ایسا منفرد تہوار ہے جس میں سب لوگ ایک ساتھ جمع ہوتے ہیں ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں اور خوشی اور یگانگت کے جذبے کے ساتھ رنگ لگاتے ہیں۔ انہوں نے مغربی ایشیا میں امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جھگڑے اور تنازعات ختم ہونے چاہئیں اور دنیا بھر میں ہم آہنگی قائم ہونی چاہیے۔
ہولی کی تقریبات ہندو روایات سے گہرا تعلق رکھتی ہیں اور یہ برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ اس تہوار کا آغاز ہولیکا دہن کی رسم سے ہوتا ہے جس میں الاؤ روشن کیا جاتا ہے۔ اگلے دن لوگ رنگوں کے ساتھ کھیل کر خوشی اور باہمی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔