جموں و کشمیر میں پہلے دن سے میرا مشن ناانصافی کو ختم کرنا رہا ہے: سنہا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-11-2025
جموں و کشمیر میں پہلے دن سے میرا مشن ناانصافی کو ختم کرنا رہا ہے: سنہا
جموں و کشمیر میں پہلے دن سے میرا مشن ناانصافی کو ختم کرنا رہا ہے: سنہا

 



جموں/آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں پہلے دن سے اُن کا مشن یہی رہا ہے کہ شہریوں کی زندگی بہتر بنائی جائے، امتیازی سلوک  اور ناانصافی کا خاتمہ کیا جائے اور دہشت گردی کے ماحول اور اس کے معاون ڈھانچے کو بالکل ختم کیا جائے۔
سنہا نے یہاں یومِ آئین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علیحدگی پسندوں کو انعام دینے اور محبِ وطن شہریوں کو اذیت دینے کی جو دیرینہ روایت تھی، وہ پوری طرح ختم ہو گئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ’آئین کی تمہید‘ کا اجتماعی طور پر پڑھوانے کا انتظام کیا اور آئین کے بنانے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سنہا نے کہا کہ 67 سال کے طویل انتظار کے بعد 2019 میں آئین کی دفعات جموں و کشمیر پر مکمل طور پر نافذ کی گئیں (جب مرکز نے آرٹیکل 370 کی زیادہ تر شقیں منسوخ کر دیں اور سابق ریاست کو دو مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں  تقسیم کر دیا)، جس سے امتیازی سلوک اور ناانصافی کا راج ختم ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ  اب جموں و کشمیر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی جانب سے آئین میں درج مساوات، سماجی اور معاشی انصاف کے اصولوں کی روشنی میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ان کا مشن یہی رہا ہے کہ جموں و کشمیر میں شہریوں کی زندگی بہتر ہو، ناانصافی اور امتیازی سلوک ختم ہو، دہشت گردی کا پورا مددگار نظام جڑ سے مٹایا جائے اور مرکزی منصوبوں کا فائدہ سماج کے سب سے نچلے طبقے تک پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ پوچھتے ہیں کہ پچھلے پانچ برسوں میں کیا حاصل ہوا، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ علیحدگی پسندوں کو انعام دینے اور محبِ وطن لوگوں کو پریشان کرنے کی روایت پوری طرح بند ہو گئی ہے۔ سنہا نے کہا کہ آئین کی تمام دفعات نافذ کرکے وزیراعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں سب کے لیے عزت، وقار اور احترام کو یقینی بنایا ہے۔ آئین کو اپنائے جانے کے 75 سال مکمل ہونے کے سلسلے میں مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سطح پر یہ پروگرام محکمہ ثقافت نے قانون، انصاف اور پارلیمانی امور کے محکمے کے اشتراک سے منعقد کیا تھا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ 76 برسوں سے آئین مساوات، آزادی اور سماجی انصاف کی علامت ہے، اور اس عظیم ملک کے شہریوں کے لیے رہنمائی کی روشنی ہے۔ انہوں نے پالیسی سازوں اور افسران سے اپیل کی کہ وہ آئین کی قدروں کو برقرار رکھیں، شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم رہیں اور ان اقدار کو قائم رکھیں۔ سنہا نے کہا کہ ہمارا آئین قابلِ احترام ہے، جس نے ہندوستان کی ترقی کا راستہ دکھایا ہے۔ ہمیں قومی یکجہتی اور اتحاد کو مضبوط رکھنا ہوگا۔ ہمیں معاشرے میں خوداعتمادی اور خودداری کا جذبہ بیدار کرنا ہوگا اور ہندوستان کو مضبوط اور خودکفیل بنانے کے لیے ہر ممکن ذریعہ اور وسیلہ استعمال کرنا ہوگا۔
جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر عبدالرشید راتھر اور اعلیٰ انتظامی و پولیس افسران بھی اس تقریب میں موجود تھے۔