میری جان کو خطرہ ہے: اعظم خان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2025
میری جان کو خطرہ ہے: اعظم خان
میری جان کو خطرہ ہے: اعظم خان

 



نئی دہلی: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق کابینہ وزیر اعظم خان جیل سے رہا ہونے کے بعد ایک بار پھر سیاست میں فعال ہو گئے ہیں۔ وہ مسلسل اپنے حامیوں سے ملاقات کر رہے ہیں اور میڈیا کے سامنے بھی کھل کر مختلف سیاسی و سماجی مسائل پر بات کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی سکیورٹی، آئندہ انتخابات اور مسلمانوں کی نمائندگی سے متعلق کئی اہم باتیں کہی ہیں۔

اعظم خان نے نیوز ایجنسی آئی اے این ایس (IANS) کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ انہیں قتل کیے جانے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا: "میری جان کو خطرہ ہے، اس لیے مجھے وائی (Y) نہیں بلکہ زیڈ (Z) سکیورٹی چاہیے۔ وائی کیٹیگری سکیورٹی میرے لیے ناکافی ہے۔ جن لوگوں کے پاس زیڈ سکیورٹی ہے وہی میری جان لے سکتے ہیں۔

اعظم خان نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا: "میرے پاس اب کچھ نہیں بچا۔ میری مالی حالت بہت خراب ہے۔ میں خرچوں کے لیے گھر بیچنا چاہتا ہوں۔ جو کچھ تھا سب ختم ہو گیا۔" انہوں نے بتایا کہ لوگ کہتے ہیں کہ اگر وہ گھر بیچیں گے تو "حکومت یا انتظامیہ کھا جائے گی۔"

اعظم خان نے کہا کہ ان کے خلاف میڈیا ٹرائل نے بہت نقصان پہنچایا۔ "ہم پر وہ جرم تھوپے گئے جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ نچلی عدالتوں نے ہمیں صدمے دیے لیکن ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے ہمیں سو فیصد انصاف دیا۔" انہوں نے بتایا کہ جب وہ جیل میں تھے تو سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو ان سے کئی بار ملنے آئے۔ ان کے درمیان 45 سال پرانی رفاقت ہے۔

اعظم خان نے کہا: "اگر بین الاقوامی ایجنسی سے انتخابات کرائے جائیں تو ہم اپنے مخالفین کی ضمانت ضبط کرا دیں گے۔" انہوں نے انڈیا اتحاد (INDIA Bloc) کو مشورہ دیا کہ جب وہ اپنی میٹنگیں کریں اور اسٹیج سجائیں، تو "مسلمانوں کی نمائندگی وہ لوگ کریں جو واقعی مسلمانوں کے نمائندے ہوں۔ صرف ٹوپی پہن لینے سے کوئی مسلمانوں کا نمائندہ نہیں بن جاتا۔"

اعظم خان نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کی حکومت بنی تو ہم کسی سے بدلہ نہیں لیں گے، مگر انصاف ضرور کریں گے۔ بی جے پی کے سابق ایم ایل اے راگھویندر سنگھ کے مسلم لڑکیوں پر متنازع بیان پر اعظم خان نے کہا: "بسپا سربراہ کا اس بیان پر ردِعمل دینے کے لیے شکریہ، مگر جاہل کی بات کا جواب دینے سے بہتر ہے خاموش رہا جائے۔"

انٹرویو کے دوران اعظم خان کی رامپور کے ایم پی محیباللہ ندوی سے ناراضی صاف نظر آئی۔ انہوں نے کہا: "رامپور کے رکن پارلیمان کو قسمت سے ٹکٹ ملا اور قسمت سے ہی وہ جیت گئے۔" "اب تو رامپور کے نوابوں کے محلوں پر کتا بھی ٹانگ اٹھانے والا نہیں۔ اب رکشہ والا بھی انہیں نہیں پوچھتا۔"