میں پورے کیرالہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں: مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-12-2025
میں پورے کیرالہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں: مودی
میں پورے کیرالہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں: مودی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز کیرالہ بھر کے اُن عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ریاست میں بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی اور این ڈی اے امیدواروں کو ووٹ دیا، اور ساتھ ہی یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) اور لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) پر سخت تنقید کی۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بی جے پی اور این ڈی اے امیدواروں کو ووٹ دینے والے کیرالہ کے عوام کا میں دل سے شکر گزار ہوں۔ کیرالہ اب یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف سے اکتا چکا ہے۔ عوام این ڈی اے کو ہی واحد متبادل سمجھتے ہیں جو بہتر طرزِ حکمرانی فراہم کر سکتا ہے اور سب کے لیے مواقع کے ساتھ ایک ترقی یافتہ کیرالہ تعمیر کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ تھرواننت پورم کا شکریہ! تھرواننت پورم میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی-این ڈی اے کو ملنے والا مینڈیٹ کیرالہ کی سیاست میں ایک تاریخی موڑ ہے۔ عوام کو یقین ہے کہ ریاست کی ترقیاتی خواہشات کو صرف ہماری پارٹی ہی پورا کر سکتی ہے۔ ہماری پارٹی اس متحرک شہر کی ترقی کے لیے کام کرے گی اور عوام کے لیے ’آسان طرزِ زندگی‘ کو فروغ دے گی۔
وزیرِ اعظم نے پارٹی کارکنان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام محنتی بی جے پی کارکنان کا میرا شکریہ، جنہوں نے عوام کے درمیان کام کر کے تھرواننت پورم کارپوریشن میں شاندار نتائج کو یقینی بنایا۔ آج کا دن کیرالہ میں اُن نسلوں کی جدوجہد اور محنت کو یاد کرنے کا ہے جنہوں نے نچلی سطح پر کام کیا اور آج کے نتائج کو حقیقت بنایا۔ ہمارے کارکنان ہماری طاقت ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔
ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تازہ رجحانات کے مطابق، کانگریس کی قیادت والا یو ڈی ایف 3155 وارڈز میں آگے ہے، جب کہ سی پی آئی (ایم) کی قیادت والا لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ 2565 وارڈز میں سبقت رکھتا ہے۔ بی جے پی کی قیادت میں این ڈی اے 577 وارڈز میں آگے ہے، جبکہ دیگر امیدوار 532 وارڈز میں برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پہلے کے رجحانات کے مقابلے میں یو ڈی ایف کو خاص طور پر شہری اور نیم شہری علاقوں میں واضح فائدہ حاصل ہوا ہے۔
دریں اثنا، بی جے پی رہنما شان جارج نے اعتماد ظاہر کیا کہ این ڈی اے وسطی اور جنوبی کیرالہ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روایتی یو ڈی ایف اور کیرالہ کانگریس کے ووٹرز اس بار بی جے پی کی جانب رخ کریں گے۔ انہوں نے  کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ بی جے پی وسطی کیرالہ کے خطے میں اچھی برتری حاصل کرے گی، اور جنوبی کیرالہ میں بھی اس بار مضبوط کامیابی حاصل کریں گے۔ جو لوگ روایتی طور پر یو ڈی ایف اور کیرالہ کانگریس پر انحصار کرتے رہے ہیں، وہ اس بار بی جے پی کی حمایت کریں گے۔
تھرواننت پورم، پتھنم تھِٹا، ملاپورم اور کوٹایم سمیت کئی اضلاع میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، اور گنتی مکمل ہونے کے بعد دن کے اختتام تک حتمی نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔