مسلمانوں کو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا اگر وقف بورڈ فلاح کے لئے کام کرتا: بھارتیہ صوفی فاؤنڈیشن

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2025
مسلمانوں کو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا اگر وقف بورڈ فلاح کے لئے کام کرتا: بھارتیہ صوفی فاؤنڈیشن
مسلمانوں کو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا اگر وقف بورڈ فلاح کے لئے کام کرتا: بھارتیہ صوفی فاؤنڈیشن

 



مرادآباد : بھارتیہ صوفی فاؤنڈیشن کے قومی صدر کاشش وارثی نے پیر کے روز سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ سپریم کورٹ کے اُس عبوری حکم کا سیاسی فائدہ نہ اٹھائیں، جس میں وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کی مخصوص دفعات پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔انہوں نے ملک بھر کے مختلف وقف بورڈز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

وارثی نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہ مسلم کمیونٹی نے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کیا اور نظامِ انصاف پر بھروسہ کیا۔ اب اس حکم کی پابندی کی جانی چاہئے۔ جیسے بابری مسجد، رام جنم بھومی کا فیصلہ مانا گیا تھا، اسی طرح اس فیصلے کو بھی تسلیم کیا جائے۔ میں لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس فیصلے پر نہ خوش ہوں اور نہ ہی غمزدہ، بلکہ اس کو عدالتِ عظمیٰ کا حکم سمجھ کر مانیں۔ ہمیں یہ ظاہر کرنا چاہئے کہ ہم انصاف کے نظام پر بھروسہ رکھتے ہیں اور آئندہ بھی بھروسہ کرتے رہیں گے۔"

بھارتیہ صوفی فاؤنڈیشن کے صدر نے مزید کہ کوئی سیاسی پارٹی اس کا فائدہ نہ اٹھائے، بلکہ مسلم کمیونٹی کو سمجھنا چاہئے کہ ان کے دوست اور دشمن کون ہیں۔ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اس ملک کی گنگا-جمنی تہذیب اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی جڑیں مضبوط ہیں اور ہمیشہ مضبوط رہیں گی۔ اگر کچھ لوگ ان جڑوں کو توڑنے کی کوشش کریں گے تو دوسروں کو اس سے متاثر نہیں ہونا چاہئے۔"

وقف بورڈز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ یہ بورڈ عوام کی نجی جائیدادیں ہتھیا چکے ہیں، اور اگر ان جائیدادوں سے حاصل ہونے والے وسائل کو مسلمانوں کی فلاح کے لئے استعمال کیا جاتا تو حالات مختلف ہوتے۔

انہوں نے کہ جو کام وقف بورڈز نے مسلمانوں کے خلاف کئے ہیں، ان کی جائیدادیں چھین کر، اگر وہی پیسہ بھلائی کے کاموں میں لگتا تو آج کوئی مسلمان بچہ تعلیم کے لئے ترس نہ رہا ہوتا۔ ہمیں آیو شمان کارڈ کے لئے در بدر نہ پھرنا پڑتا۔ لوگوں کو پی ایم آواس یوجنا کے فائدے کے لئے جدوجہد نہ کرنی پڑتی۔ آج یہ فیصلہ آیا ہے، اور مجھے حکومت پر پورا بھروسہ ہے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز سپریم کورٹ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 پر مکمل پابندی لگانے سے انکار کر دیا، لیکن اس کی بعض دفعات پر حتمی فیصلے تک عبوری روک لگا دی۔چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گاوئی اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ترمیم شدہ قانون کی کچھ دفعات کو تحفظ دینے کی ضرورت ہے۔عبوری حکم جاری کرتے ہوئے عدالت نے اُس دفعہ پر عمل درآمد روک دیا جس میں شرط رکھی گئی تھی کہ کوئی شخص کم از کم پانچ سال تک اسلام کا پیروکار رہے تبھی وقف قائم کر سکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ جب تک اس بات کے قواعد نہیں بن جاتے کہ کوئی شخص اسلام کا پیروکار ہے یا نہیں، تب تک یہ شق معطل رہے گی۔ عدالت نے اُس شق پر بھی عمل درآمد روک دیا جس کے تحت کلیکٹر کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا گیا تھا کہ آیا کوئی وقف جائیداد سرکاری زمین پر قابض ہے یا نہیں۔البتہ عدالت نے رجسٹریشن کی شرط میں مداخلت نہیں کی، کیونکہ یہ کوئی نئی شرط نہیں بلکہ 1995 اور 2013 کے سابقہ قوانین میں بھی شامل تھی۔قابل ذکر ہے کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے 5 اپریل کو وقف (ترمیمی) بل 2025 کو منظوری دی تھی، جسے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زبردست بحث کے بعد پاس کیا گیا تھا۔