نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ اگر کسی شخص پر دوسرے فرد کے قتل یا اس کے قتل میں معاونت کا الزام ہو تو وہ متاثرہ شخص کی جائیداد کا وارث نہیں بن سکتا، چاہے اس کے خلاف فوجداری مقدمہ ابھی زیرِ سماعت ہی کیوں نہ ہو۔
جسٹس جے بی پردیوالا اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل بینچ نے قرار دیا کہ یہ نااہلی نہ صرف بغیر وصیت والی وراثت (Intestate Succession) پر لاگو ہوگی، جہاں وراثت ذاتی قانون کے تحت طے ہوتی ہے، بلکہ وصیت کے ذریعے ہونے والی وراثت (Testamentary Succession) پر بھی اس کا اطلاق ہوگا۔
عدالت نے کہا کہ جس شخص پر یہ الزام ہو کہ اس نے اس فرد کو قتل کیا ہے یا اس کے قتل میں مدد دی ہے جس سے وہ وراثت کا دعویٰ کر رہا ہے، اسے وراثتی حقوق کا مطالبہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ہندو جانشینی ایکٹ 1956 کی دفعہ 25 کا حوالہ دیتے ہوئے بینچ نے کہا کہ قانون واضح طور پر اس بات سے روکتا ہے کہ کوئی شخص جس نے قتل کیا ہو یا اس میں معاونت کی ہو، وہ مقتول کی جائیداد کا وارث بنے۔
عدالت نے مزید کہا کہ یہ نااہلی صرف قانونی دفعات پر ہی نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور منصفانہ اصولوں پر بھی مبنی ہے، اور کوئی بھی شخص اپنے مبینہ غلط عمل سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔ فیصلے میں بینچ نے یہ بھی کہا کہ دیوانی مقدمات میں جرم کے مکمل ثبوت کی سخت ضرورت نہیں ہوتی، اگر دستیاب شواہد “غالب امکان” (preponderance of probabilities) کے معیار پر یہ ظاہر کریں کہ فرد جرم میں ملوث ہے۔