ممبئی: میٹرو پلر گرنے سے 1 کی موت، تین زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-02-2026
ممبئی: میٹرو پلر گرنے سے 1 کی موت، تین زخمی
ممبئی: میٹرو پلر گرنے سے 1 کی موت، تین زخمی

 



ممبئی
مہاراشٹر کے ملنڈ علاقے میں جانسن اینڈ جانسن کمپنی کے قریب میٹرو کی تعمیر کے دوران سیمنٹ کے ایک میٹرو ستون کا حصہ گرنے سے ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حصہ ایک آٹو رکشہ پر آ گرا۔
بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت رام دھن یادو کے طور پر کی گئی ہے۔دیگر زخمیوں میں راج کمار اندر جیت یادو (45) شامل ہیں جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جبکہ مہندر پرتاپ یادو (52) اور دیپا روہیا (40) کی حالت مستحکم ہے۔
ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ڈی اے) نے ہفتہ کے روز بتایا کہ میٹرو پروجیکٹ کی ٹیم ستون گرنے کی جگہ پر موجود ہے اور بی ایم سی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے ساتھ قریبی تال میل میں راحت و بچاؤ کا کام انجام دے رہی ہے۔
ایم ایم آر ڈی اے نے ’ایکس‘ پر لکھا كہ آج دوپہر تقریباً 12:15 بجے ملنڈ فائر اسٹیشن کے قریب راجیو (ملن) علاقے میں زیرِ تعمیر میٹرو لائن کے پیئر نمبر P196 کے پاس ایک حادثہ پیش آیا۔ پیراپیٹ کا ایک حصہ بلندی سے گر کر گزرنے والے آٹو رکشہ سے ٹکرا گیا۔ اس حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کی حالت کے پیشِ نظر تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ میٹرو پروجیکٹ ٹیم موقع پر موجود ہے اور بی ایم سی، ممبئی فائر بریگیڈ، ممبئی ٹریفک پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ تال میل میں جنگی پیمانے پر بچاؤ کارروائیاں جاری ہیں۔‘
بی ایم سی نے کہا كہ آج دوپہر 12:20 بجے ملنڈ (مغرب) میں ایل بی ایس روڈ پر جانسن اینڈ جانسن کمپنی کے قریب میٹرو ستون کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ تعمیر کے دوران سیمنٹ کے ستون کا ایک حصہ گر کر آٹو رکشہ پر آ گرا۔ ممبئی فائر بریگیڈ، پولیس، میٹرو اسٹاف، وارڈ اسٹاف اور 108 ایمبولینس سروسز موقع پر موجود ہیں۔ آٹو رکشہ میں سوار 3 سے 4 افراد کے زخمی ہونے کا امکان ہے۔ممبئی پولیس، میٹرو عملہ، ممبئی فائر بریگیڈ، وارڈ اسٹاف اور ایمبولینس سروسز صورتحال سے نمٹنے کے لیے جائے حادثہ پر موجود ہیں۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔