ممبئی
ممبئی کسٹمز حکام نے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ماڈل کو مبینہ طور پر تقریباً 11.82 کروڑ روپے مالیت کی گانجا اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔حکام کے مطابق، گرفتار ماڈل کی شناخت ہرشا سنی کے نام سے ہوئی ہے، جو تھائی لینڈ سے ممبئی پہنچی تھی۔
تحقیقات کے دوران ممنوعہ منشیات اس کے قبضے سے برآمد کی گئیں۔حکام نے بتایا کہ سامان کی تفصیلی تلاشی کے دوران 11.824 کلوگرام گانجا (ہائیڈروپونک ویڈ) برآمد ہوا۔ ضبط شدہ منشیات کی غیر قانونی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 11 کروڑ 82 لاکھ 40 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔فیلڈ ٹیسٹ کے دوران منشیات کی موجودگی کی تصدیق ہونے کے بعد اسے نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کے تحت ضبط کر لیا گیا۔
دورانِ تفتیش ملزمہ نے دعویٰ کیا کہ سفر کے دوران ایک ہم سفر اس سے ملا تھا، جس نے کچھ دیر کے لیے منشیات سے بھرا بیگ اس کے حوالے کیا اور بعد میں غائب ہو گیا۔
تاہم کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے من گھڑت کہانی بیان کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق، مذکورہ مسافرہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔