ایم پی: راہل گاندھی نے بھاگیرتھ پورہ میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 17-01-2026
ایم پی: راہل گاندھی نے بھاگیرتھ پورہ میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی
ایم پی: راہل گاندھی نے بھاگیرتھ پورہ میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی

 



اندور: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی آج اندور کے دورے پر ہیں۔ سب سے پہلے وہ بمبئی اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے اسپتال میں داخل چار مریضوں سے ملاقات کی، ان کا حال پوچھا اور ان کے اہلِ خانہ سے بھی بات چیت کی۔ اس کے بعد راہل گاندھی آلودہ پانی سے متاثرہ علاقے بھاگیرتھ پورہ بھی گئے۔

راہل گاندھی کے ساتھ قائدِ حزبِ اختلاف امنگ سنگھار، ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹوارى اور ریاستی انچارج ہریش چودھری بھی موجود تھے۔ کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹوارى نے جمعہ کو دعویٰ کیا تھا کہ بھاگیرتھ پورہ میں آلودہ پینے کے پانی کے باعث اب تک 24 افراد کی جان جا چکی ہے، جبکہ آٹھ سے دس مریضوں کی حالت نہایت تشویشناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گاندھی ہفتہ کو اندور پہنچ کر نجی شعبے کے بمبئی اسپتال جائیں گے اور قے اور دست کی وبا کے باعث داخل مریضوں سے ملاقات کر کے ان کا حال معلوم کریں گے۔ پٹوارى نے کہا، ہم آلودہ پینے کے پانی کے مسئلے کے حل پر مثبت گفتگو کے لیے گاندھی کی موجودگی میں دانشوروں، ماحولیاتی ماہرین اور ریاست بھر کے میونسپل کارپوریشن کے کونسلروں کا ایک کنونشن منعقد کرنا چاہتے تھے، لیکن انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی۔

اس لیے ہم یہ کنونشن بعد میں منعقد کریں گے۔ پٹوارى نے دعویٰ کیا کہ پورے صوبے میں 70 فیصد پانی آلودہ ہونے کے باعث پینے کے قابل نہیں ہے۔ ریاستی کانگریس صدر نے آلودہ پینے کے پانی کو ’’سست زہر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں کے گردے اور دیگر اعضا کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

ہلاکتوں کے اعداد و شمار پر متضاد دعووں کے درمیان، ریاستی حکومت نے جمعرات کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی اندور بنچ میں پیش کی گئی صورتحال رپورٹ میں بتایا کہ بھاگیرتھ پورہ میں قے اور دست کے پھیلاؤ کے دوران پانچ ماہ کے ایک بچے سمیت سات افراد کی موت ہوئی ہے۔

اسی دوران، شہر کے سرکاری مہاتما گاندھی اسمرتی میڈیکل کالج کی ایک کمیٹی کی جانب سے کیے گئے ’’ڈیتھ آڈٹ‘‘ کی رپورٹ میں اشارہ دیا گیا ہے کہ بھاگیرتھ پورہ کے 15 افراد کی موت کسی نہ کسی طرح اس وبا سے جڑی ہو سکتی ہے۔ انتظامیہ نے بھاگیرتھ پورہ میں قے اور دست کی وبا شروع ہونے کے بعد جان گنوانے والے 21 افراد کے اہلِ خانہ کو فی کس دو لاکھ روپے معاوضہ فراہم کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے کچھ افراد کی موت دیگر بیماریوں یا مختلف وجوہات کی بنا پر ہوئی، تاہم تمام متوفیوں کے خاندانوں کو انسانی بنیادوں پر مالی امداد دی جا رہی ہے۔