گوالیار : کلش یاترا کے دوران خاتون کی موت، 7 زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-02-2026
گوالیار : کلش یاترا کے دوران خاتون کی موت، 7 زخمی
گوالیار : کلش یاترا کے دوران خاتون کی موت، 7 زخمی

 



گوالیار
گوالیار ضلع کے ڈبرا قصبے میں واقع نوگرہ مندر کے پران پرتِشٹھا پروگرام کے تحت نکالی گئی کلش یاترا کے دوران بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہونے سے ایک معمر خاتون کی موت ہو گئی، جبکہ ایک کمسن بچی سمیت سات دیگر خواتین زخمی ہو گئیں۔ ایک سرکاری افسر نے منگل کو یہ جانکاری دی۔
یہ واقعہ منگل کی صبح پیش آیا، جب مذہبی جلوس میں شامل ہونے کے لیے بڑی تعداد میں خواتین جمع ہو گئی تھیں۔ زخمیوں میں سے چار خواتین کو ڈبرا کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ دو خواتین اور ایک کمسن بچی کو مزید علاج کے لیے گوالیار ریفر کیا گیا۔ تمام زخمی خواتین کی عمریں 45 سے 55 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ کمسن بچی کی عمر چار سال ہے، جو اپنی والدہ کے ساتھ آئی تھی۔
ضلع کلکٹر روچیکا چوہان نے بتایا كہ آج صبح ڈبرا میں کلش یاترا منعقد کی جانی تھی، جس کے لیے اسٹیڈیم کے قریب بڑی تعداد میں خواتین کلش اٹھانے کے لیے جمع ہوئیں۔ جب کلش کی تقسیم شروع ہوئی تو کچھ شرکاء نے جلدی میں کلش لینے کی کوشش کی، جس کے باعث دھکم پیل شروع ہو گئی۔ زیادہ بھیڑ اور دباؤ کی وجہ سے شدید دھکا مکی ہوئی۔ اس واقعے میں 70 سالہ خاتون دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں اور سات خواتین زخمی ہوئیں۔ چار خواتین کا علاج ڈبرا میں جاری ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے، جبکہ ایک بچی سمیت تین خواتین کو گوالیار ریفر کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔
انتظامات کے حوالے سے کلکٹر نے کہا کہ مندر اور اس کے اطراف میں مناسب انتظامات کیے گئے تھے۔ صبح سے تمام انتظامات موجود تھے، لیکن کلش ملنے کے دوران دھکا مکی ہونے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے مزید کہا كہ چونکہ یہ پروگرام کئی دنوں تک جاری رہنا ہے، اس لیے انتظامیہ اب ہر مقام کی گنجائش کے مطابق بھیڑ کی نقل و حرکت کو سختی سے کنٹرول کرے گی۔ جیسے ہی کسی مقام کی مقررہ حد پوری ہو جائے گی، وہاں لوگوں کو روک دیا جائے گا، اور اس کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔