مدھیہ پردیش: کھانسی کے سیرپ سے ہونے والے سانحے میں ہلاکتوں کی تعداد 14

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-10-2025
مدھیہ پردیش: کھانسی کے سیرپ سے ہونے والے سانحے میں ہلاکتوں کی تعداد 14
مدھیہ پردیش: کھانسی کے سیرپ سے ہونے والے سانحے میں ہلاکتوں کی تعداد 14

 



 چھندواڑہ (مدھیہ پردیش)، 5 اکتوبر (اے این آئی)

مدھیہ پردیش کے ضلع چھندواڑہ میں مبینہ طور پر کھانسی کا شربت پینے سے کم از کم 14 افراد کی موت ہو گئی ہے، ایک سرکاری عہدیدار نے اتوار کو اس کی تصدیق کی۔

ان 14 اموات کے علاوہ آٹھ بچوں کو چھندواڑہ کے ناگپور اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ADM) دھریندر سنگھ نے اے این آئی سے گفتگو میں بتایا کہ ایک ڈرگ کنٹرولر ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو چھندواڑہ اور قریبی اضلاع میں چھاپے مار کر ممنوعہ کھانسی کے شربت کو ضبط کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) بھی تشکیل دی گئی ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تمل ناڈو جا رہی ہے۔

دھریندر سنگھ کے مطابق کہ ہمیں اب تک 14 اموات کی اطلاع ملی ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضہ منظور کر لیا گیا ہے اور رقم ان کے کھاتوں میں جمع کرا دی گئی ہے۔ چھندواڑہ کے 8 بچے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جن کی نگرانی کے لیے انتظامیہ کی سطح پر ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں ڈاکٹرز اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹ شامل ہیں۔ ڈرگ کنٹرولر نے چھندواڑہ اور ملحقہ اضلاع میں ممنوعہ کھانسی کے شربت کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے والی ٹیم بنائی ہے۔ اسی طرح ایس آئی ٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو اس کیس کی تحقیقات کے لیے تمل ناڈو جا رہی ہے۔”

پولیس نے اس شربت کو تجویز کرنے والے ڈاکٹر پرا دیپ سونی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
شربت بنانے والی کمپنی سریسن فارماسیوٹیکلز (Sresan Pharmaceuticals) تمل ناڈو کی ہے، اور اسے بھی اس کیس میں مرکزی ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو کی ہدایت پر پارسیا، ضلع چھندواڑہ میں تعینات بچوں کے ماہر ڈاکٹر پرا دیپ سونی کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، کیونکہ انہی کی تجویز کردہ دوا پینے سے بچوں کی اموات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

ریاستی حکومت نے کھانسی کے شربت کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، کیونکہ بچوں کی موت گردوں کی خرابی (Kidney Failure) کی وجہ سے ہوئی بتائی جا رہی ہے۔

ادھر، آج کانگریس کارکنوں نے مدھیہ پردیش کے بھوپال اور راجستھان کے جے پور میں احتجاج کیا، جس میں بچوں کی ہلاکت پر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

بھوپال میں کانگریس کارکنوں نے ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیرِ صحت راجندر شکلا کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پوسٹرز تھے جن پر لکھا تھا:

“راجندر شکلا شرم کرو، استعفیٰ دو”
“معصوم بچے کی موت کے سوداگر، ذمہ داری لو”۔