سنسد رتن ایوارڈ 2025 جیتنے والوں میں بیشتر بی جے پی ممبران پارلیمنٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2025
سنسد رتن ایوارڈ 2025 جیتنے والوں میں بیشتر بی جے پی ممبران پارلیمنٹ
سنسد رتن ایوارڈ 2025 جیتنے والوں میں بیشتر بی جے پی ممبران پارلیمنٹ

 



نئی دہلی: بھرتری ہری مہتاب اور روی کشن سمیت 17 ارکان پارلیمنٹ اور دو پارلیمانی مستقل کمیٹیوں کو سنسد رتن ایوارڈ 2025 کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان ایوارڈز کی شروعات ’پرائم پوائنٹ فاؤنڈیشن‘ نے کی تھی۔

یہ اعزازات اُن ارکان پارلیمنٹ کو دیے جاتے ہیں جنہوں نے پارلیمنٹ میں شاندار خدمات اور بھرپور کردار ادا کیا ہو۔ ایوارڈ جیتنے والوں کا انتخاب نیشنل کمیشن برائے پسماندہ طبقات (این سی بی سی) کے چیئرمین ہنس راج اہیر کی سربراہی میں قائم جیوری نے کیا۔

مہتاب، سپریا سولے (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی - شرد چندر پوار)، این کے پریم چندرن (رولوشنری سوشلسٹ پارٹی) اور شری رنگ اپا بارنے کو پارلیمانی جمہوریت میں بہترین اور مسلسل خدمات کے لیے یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔ ’پرائم پوائنٹ فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چاروں ارکان 16ویں اور 17ویں لوک سبھا کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے اراکین پارلیمنٹ تھے، اور اپنے موجودہ دور میں بھی وہ اسی انداز میں فعال ہیں۔

دیگر انعام یافتگان میں شامل ہیں: سمرتا واگھ (بی جے پی) ، اروند ساونت (شیوسینا - ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) ، نریش گنپت مہاسکے (شیوسینا) ، ورشا گائکواڑ (کانگریس) ، میدھا کلکرنی (بی جے پی) ، پروین پٹیل (بی جے پی) ، روی کشن (بی جے پی) ، نِشی کانت دوبے (بی جے پی) ، ودیوت برن مہتو (بی جے پی) ، پی پی چودھری (بی جے پی) ، مدن راٹھور (بی جے پی) ، سی این انّا دورائی (ڈی ایم کے) اور دلیپ سیکیا (بی جے پی) ۔

پارلیمنٹ میں پیش کی گئی رپورٹوں کی بنیاد پر دو مستقل کمیٹیوں — مالیات اور زراعت سے متعلق — کو بھی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ مالیاتی امور سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی صدارت مہتاب کر رہے ہیں، جب کہ زراعت سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین کانگریس کے چرنجیت سنگھ چنّی ہیں۔