چھٹھ پوجا: 12,000 سے زیادہ خصوصی ٹرینیں شروع

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 24-10-2025
چھٹھ پوجا: 12,000 سے زیادہ خصوصی ٹرینیں شروع
چھٹھ پوجا: 12,000 سے زیادہ خصوصی ٹرینیں شروع

 



گواہاٹی/ آواز دی وائس
چھٹھ پوجا کے تہوار کے دوران ممکنہ بھیڑ کے پیشِ نظر، ہندوستانی ریلوے نے مسافروں کے محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔ شمال مشرقی فرنٹیئر ریلوے (این ایف آر) کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر کپنجل کشور شرما کے مطابق، ریلوے نے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا ہے اور اس سال 12,000 سے زائد ٹرینیں چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ خصوصی ٹرینیں بہار کے مختلف اسٹیشنوں کے لیے چلائی جائیں گی تاکہ تہوار کے موسم میں سفر کرنے والے بڑی تعداد میں مسافروں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
شرما نے کہا کہ تہوار کے موسم میں، خاص طور پر دیوالی اور چھٹھ پوجا کے دوران، بھیڑ میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہر سال کی طرح، اس بار بھی ہندوستانی ریلوے نے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا ہے۔ اس سال 12,000 سے زائد خصوصی ٹرینیں شروع کی گئی ہیں، جب کہ پچھلی بار یہ تعداد تقریباً 7,500 تھی۔ یہ تمام ٹرینیں بہار کے مختلف اسٹیشنوں پر چلیں گی۔ سی پی آر او نے مزید بتایا کہ بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لیے ریلوے نے بڑے اسٹیشنوں پر "ہولڈنگ ایریاز" قائم کیے ہیں، جہاں بیٹھنے کی سہولت اور ٹرین کی معلومات فراہم کرنے والے نظام نصب کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے نے ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) کے عملے کی تعیناتی میں اضافہ کیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اس کے علاوہ، ٹکٹ گھروں پر بھیڑ کم کرنے کے لیے خودکار ٹکٹ وینڈنگ مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔شرما نے کہا کہ ہم نے بڑے اسٹیشنوں پر ہولڈنگ ایریاز بنائے ہیں تاکہ اگر بھیڑ بڑھ جائے تو مسافروں کو بھاگ دوڑ سے روکا جا سکے۔ ان علاقوں میں بیٹھنے کا انتظام اور ٹرین کی معلومات کا نظام موجود ہے۔ ہم نے آر پی ایف کی تعیناتی بڑھائی ہے، سی سی ٹی وی اور ڈرونز کے ذریعے سکیورٹی بہتر کی ہے، اور خودکار ٹکٹ مشینیں لگائی ہیں۔ ہم سب کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی نیک خواہشات دیتے ہیں۔