نئی دہلی: مرکز کی پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت جنوری سے جولائی 2026 کے درمیان دہلی میں 41,411 کاریگروں اور ہنرمندوں کا اندراج کیا گیا۔ حکام کے مطابق قومی دارالحکومت میں اس اسکیم پر عمل درآمد میں میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) نے اہم کردار ادا کیا۔ ریاستی سطح کی پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (SLPMU) کے مطابق اندراج شدہ افراد میں سے 1,015 ہنرمندوں نے بنیادی مہارت کی تربیت مکمل کی، جبکہ 117 افراد کو ٹول کٹس فراہم کی گئیں۔
اس اسکیم کے تحت 225 قرضے منظور کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 1.89 کروڑ روپے ہے، جن میں سے 214 قرضے، جن کی مالیت 1.79 کروڑ روپے بنتی ہے، مستحقین کو جاری کیے جا چکے ہیں۔ درخواستوں کے عمل میں 13,086 درخواستوں کو پہلے مرحلے، 7,938 کو دوسرے مرحلے اور 2,619 کو تیسرے مرحلے کی منظوری حاصل ہوئی۔
حکام نے بتایا کہ اسکیم سے متعلق آگاہی کے لیے اوکھلا، کناٹ پلیس، اتم نگر، ٹیگور گارڈن، سنت نگر بریری اور اشوک وہار سمیت شہر کے ایک درجن سے زائد مقامات پر ورکشاپس منعقد کی گئیں۔ اس کے علاوہ ہنرمندوں کی رجسٹریشن، ٹول کٹس کی تقسیم اور قرضوں کی پیروی کے لیے ٹیلی کالنگ مہم بھی چلائی گئی۔
ایس ایل پی ایم یو نے 44 ہنرمندوں کو ایمیزون کے ای کامرس پلیٹ فارم سے جوڑا، جبکہ 200 سے زائد کاریگروں نے مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق آگاہی پروگراموں میں شرکت کی۔ یونٹ نے دہلی ہاٹ فیسٹ، نوئیڈا ہاٹ اور سی آر پارک جیسی نمائشوں میں ہنرمندوں کی شرکت کو بھی ممکن بنایا، جبکہ برآمدات سے متعلق اقدامات، جیسے آئی ای سی رجسٹریشن اور ڈاک نریات کیندر کے ذریعے بھی تعاون فراہم کیا گیا۔
حکام کے مطابق غیر منظم شعبوں میں کام کرنے والے ہنرمندوں تک رسائی، ای کامرس کے لیے ڈیجیٹل خواندگی میں اضافہ، آدھار اور آئی ای سی دستاویزات میں تاخیر اور معذور ہنرمندوں کے لیے اضافی سہولتوں کی ضرورت اہم چیلنجز ہیں۔ ایس ایل پی ایم یو نے آئندہ منصوبے کے تحت ایسے وارڈز میں مزید ورکشاپس منعقد کرنے، زیادہ سے زیادہ ہنرمندوں کو ای کامرس پلیٹ فارم سے جوڑنے، برآمدی سہولیات کو وسعت دینے اور وزارتِ ایم ایس ایم ای، ایم سی ڈی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔