نئی دہلی، : قومی دارالحکومت دہلی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی علی الصبح موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے مون سون کا سلسلہ مزید مضبوط ہو گیا اور حالیہ دنوں کی شدید حبس سے شہریوں کو خاطر خواہ راحت ملی۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی کے لیے "اورنج الرٹ" جاری کرتے ہوئے دن کے بیشتر حصے میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔مسلسل بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جن میں نئی دہلی ریلوے اسٹیشن، منیرکا اور دیگر علاقے شامل ہیں۔
آئی ایم ڈی کے مطابق 10 جولائی تک ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی اور مغربی اتر پردیش میں اکثر مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور بعض جگہوں پر وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح شمال مشرقی اتر پردیش میں 13 جولائی تک بارش کا نیا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ مشرقی راجستھان میں 9 جولائی کو اسی نوعیت کی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جاری بارش سے حالیہ دنوں کی بڑھتی ہوئی حبس میں نمایاں کمی آئے گی، جس سے شہریوں کو راحت ملنے کی امید ہے۔
رات 2:30 بجے دہلی کا درجہ حرارت 25.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوائیں تقریباً بند رہیں۔
بدھ کے روز بھی شمالی ہندوستان کے مختلف حصوں میں مون سون کی زوردار بارش نے شدید گرمی سے پریشان لوگوں کو راحت پہنچائی۔
ادھر اتر پردیش کے متھرا میں رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث بڑے پیمانے پر پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کی روانی اور پیدل چلنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب راجستھان میں بھی شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ ڈونگرپور میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور پانی جمع ہو گیا۔ پرانے شہر کے گھاٹی، کنیرا پول، موچی بازار اور بھوئی واڑا سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی سطح تین فٹ سے تجاوز کر گئی۔