دہلی میں مون سون کی دستک، بارش سے موسم خوشگوار

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-07-2026
دہلی میں مون سون کی دستک، بارش سے موسم خوشگوار
دہلی میں مون سون کی دستک، بارش سے موسم خوشگوار

 



 نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی شب ہونے والی بارش نے شدید گرمی اور حبس سے عوام کو راحت پہنچائی، جبکہ محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی-این سی آر کے لیے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ دنوں میں ابر آلود موسم، درمیانی درجے کی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق بدھ کے روز دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 34.8 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا، جو حالیہ شدید گرمی کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہا۔ محکمہ نے جمعرات کے لیے بھی زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے، ہلکی بارش اور تیز رفتار ہواؤں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

ادھر محکمۂ موسمیات کے سائنس دان نریش یادو نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں مون سون پنجاب، ہریانہ، دہلی-این سی آر، اتر پردیش اور گجرات کے مغربی ساحلی علاقوں تک مزید پیش قدمی کرے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کونکن، گوا اور جنوبی گجرات میں آئندہ چار سے پانچ دن کے دوران انتہائی شدید بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ان علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

نریش یادو کے مطابق اوڈیشہ اور وسطی ہندوستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب چندی گڑھ میں آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر سرندر پال نے کہا کہ مون سون پنجاب اور ہریانہ کے کئی اضلاع تک پہنچ چکا ہے، جہاں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان کے مطابق آئندہ دو سے تین دن میں مون سون پورے خطے کا احاطہ کر لے گا، جس کے بعد وسیع پیمانے پر بارش ہوگی اور لوگوں کو گرمی اور حبس سے مزید راحت ملے گی۔