نئی دہلی
بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیر کے روز کہا ہے کہ جنوب مغربی مانسون آئندہ تین سے چار دنوں میں مغربی بنگال کے ذیلی ہمالیائی اضلاع دارجیلنگ، کلیمپونگ اور جلپائی گوڑی تک پہنچنے کی توقع ہے۔ریاست کے شمالی اضلاع میں پہلے ہی قبل از مانسون بارشیں جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ڈی کے بلیٹن کے مطابق اگلے تین سے چار دنوں میں ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں جنوب مغربی مانسون کی پیش قدمی کے لیے حالات سازگار ہیں، تاہم یہ معمول کی آمد کی تاریخ 6 جون سے کچھ تاخیر کا شکار ہے۔
جنوبی بنگال میں بارش کے باوجود موسم میں حبس برقرار رہا۔بلیٹن کے مطابق اگلے دو دنوں میں دارجیلنگ، کلیمپونگ، جلپائی گوڑی، علی پور دوار اور کوچ بہار جیسے ذیلی ہمالیائی اضلاع میں شدید بارش کا امکان ہے۔
مزید کہا گیا کہ آئندہ دو دنوں میں ریاست کے جنوبی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق پیر صبح 8:30 بجے تک پچھلے 24 گھنٹوں میں مغربی بنگال میں علی پور دوار میں سب سے زیادہ 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران جلپائی گوڑی میں 53 ملی میٹر، کوچ بہار میں 18 ملی میٹر، دارجیلنگ میں 7.8 ملی میٹر اور کلیمپونگ میں 19 ملی میٹر بارش درج ہوئی۔