نئی دہلی
مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون کے مہیشور کی رہنے والی مونالیسا بھوسلے کی شادی کے معاملے میں ایک بڑا موڑ سامنے آیا ہے۔ پردھی قبیلے سے تعلق رکھنے والی مونالیسا کو قومی درج فہرست قبائل کمیشن کی جانچ میں نابالغ پایا گیا ہے۔
پریاگ راج مہاکمبھ میں رودراکش بیچتے ہوئے خبروں میں آنے والی مونالیسا نے 11 مارچ کو کیرالہ کے ترواننت پورم واقع ارومنور نینار مندر میں اتر پردیش کے فرمان خان سے شادی کی تھی۔ مونالیسا کے خاندان نے اس شادی کی مخالفت کی تھی اور کئی لوگوں نے اسے "لو جہاد" کا معاملہ بھی قرار دیا۔
مونالیسا کے والد نے قومی درج فہرست قبائل کمیشن میں شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد کمیشن کی جانچ میں اس کی عمر سے متعلق بڑا انکشاف ہوا۔ کمیشن کے چیئرمین انتر سنگھ آریہ کی پہل پر یہ معاملہ سامنے آیا اور ایف آئی آر درج کی گئی۔
مدھیہ پردیش کے اسپتال ریکارڈ کے مطابق اس کی تاریخ پیدائش 30 دسمبر 2009 درج ہے، جس کے مطابق شادی کے وقت اس کی عمر تقریباً 16 سال بنتی ہے۔ اس کے بعد فرمان خان کے خلاف پوکسو ایکٹ سمیت دیگر دفعات اور ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کمیشن نے مدھیہ پردیش اور کیرالہ کے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کی ہے اور شادی کے رجسٹریشن سے جڑے افسران کو بھی طلب کیا ہے۔ دوسری جانب مونالیسا کے والد جے سنگھ بھوسلے نے سماجی کارکن پرتھم دوبے کے ساتھ کمیشن میں عرضی دے کر الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کو زبردستی بین المذاہب شادی کے لیے مجبور کیا گیا۔
مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے مہیشور اسمبلی حلقے سے ایم ایل اے راجکمار میو نے کہا کہ کمیشن نے اس شادی کو لو جہاد کا معاملہ مانا ہے، کیونکہ مونالیسا کی عمر کم تھی اور اس کے والدین شروع سے یہی کہہ رہے تھے کہ اسے دھوکے سے شادی کے جال میں پھنسایا گیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں اس کے پیدائش کے دستاویزات بھی پیش کیے اور اسے اس بات کا ثبوت قرار دیا کہ مونالیسا نابالغ ہے۔
سابق وزیر اُوشا ٹھاکر نے بھی اس معاملے پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بڑی سازش کا معاملہ ہے اور اس کے پیچھے بڑی فنڈنگ ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم عمر لڑکیوں کو پھنسایا جا رہا ہے۔ انہوں نے فلم "دی کیرالہ فائل" کی مثال بھی دی۔
فلم ساز سنوج مشرا نے کہا کہ آخرکار سچ کی جیت ہوئی۔ واضح رہے کہ انہی کی وجہ سے مونالیسا کو اداکاری کا موقع ملا تھا اور انہوں نے ہی اسے فلم "دی منی پور ڈائری" میں کام کرنے کا موقع دیا تھا۔ جس دن مونالیسا نے فرمان سے شادی کی، اسی دن سنوج مشرا نے اسے لو جہاد قرار دیا تھا۔
بعد میں مونالیسا نے ان پر غلط طریقے سے چھونے کا الزام بھی لگایا تھا، جبکہ سنوج کا کہنا تھا کہ وہ اسے بیٹی کی طرح مانتے ہیں۔ اب مونالیسا کی عمر کا انکشاف ہونے کے بعد سنوج مشرا نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ "آخرکار سچ کی جیت ہوئی"۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان پر چھیڑچھاڑ کے جھوٹے الزامات لگوائے گئے اور مونالیسا سے اس کے والدین کے خلاف غلط باتیں کہلوائی گئیں۔