بھاگوت نے کیا مدرسہ کا دورہ، بچوں سے کی ملاقات،سنا قرآن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
 موہن بھاگوت نے کیا مدرسہ تجوید القرآن کا دورہ، بچوں سے  کی ملاقات
موہن بھاگوت نے کیا مدرسہ تجوید القرآن کا دورہ، بچوں سے کی ملاقات

 


نئی دہلی:  آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے جمعرات کو دہلی میں اپنی سرگرمیوں سے ہلچل پیدا کردی ،صبح کو بھاگوت نے  کستوربا گاندھی مارگ پر واقع مسجد  کا رخ کیا تھا ،ابھی میڈیا میں اس خبر نے رفتار پکڑی ہی تھی کہ کچھ دیر بعد اس پروگرام سے فارغ ہوکر موہن بھاگوت  پرانی دہلی کے مدرسہ تجوید القرآن پہنچ گئے ۔ جہاں انہوں نے مدرسوں کے بچوں سے ملاقات کی ۔ ان کی خیریت معلوم کی اور مشورہ بھی دیا۔

بھاگوت نے بچوں سے کہا کہ آپ پر ملک کی ذمہ داری ہے، اس لیے آپ کو پڑھ لکھ کر ملک کے لیے کام کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بچوں سے کچھ عمومی سوالات بھی کئے۔

مدرسہ کے ڈائریکٹر محمود الحسن نے بتایا کہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت صبح 10 بجے کے قریب مدرسہ پہنچے۔ وہ تقریباً ایک گھنٹہ مدرسہ کے اندر رہے اور بچوں کے علاوہ اساتذہ سے بھی ملے۔

محمود الحسن کے مطابق، آر ایس ایس کے سربراہ نے بچوں سے کہا کہ وہ اسلامی علوم کے علاوہ کمپیوٹر کی مہارتیں سیکھیں، جو مستقبل میں ان کی مدد کرے گی۔ بھاگوت نے مدرسہ میں اپنے ایک گھنٹے کے مختصر دورے کے دوران قرآن بھی سنا۔

انہوں نے بچوں سے ہندوستان کی ریاستوں اور مرکزی خطہ کے بارے میں عمومی معلومات کے سوالات بھی پوچھے اور بعد میں کچھ بچوں کو قرآن کی مکمل تلاوت کے لیے مبارکباد دی۔ آر ایس ایس سربراہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید تعلیم کو بھی مدرسہ تعلیم کا حصہ ہونا چاہیے

انہوں نے مدرسہ میں موجود بچوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر ملک کی ذمہ داری ہے، آپ کو پڑھنا ہے اور ملک کے لیے کام کرنا ہے

   یاد رہے کہ آج راجدھانی میں خبروں کا آغاز یوں پی ایف آئی کے خلاف این آئی اے کے ملک گیر  چھاپوں سے ہوا تھا مگر سہ پہر کو ایک اور بڑی خبر نے ملک کو چونکا دیا ۔جب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے کستوربا گاندھی مارگ پر واقع مسجد کا دورہ کیا ۔ جہاں آل انڈیا امام آرگنائزیشن  کے سربراہ ڈاکٹر عمیر احمد الیاسی سے ملاقات کی۔

یہ دورہ اس وقت ہوا جب اس سے دو دن قبل ہی ملک کے ممتاز دانشوروں سے بھاگوت کی اہم ملاقات کی خبرآئی تھی۔

امام عمیرالیاسی اورآر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے درمیان اس ملاقات میں مسلمانوں کے کئی اوررہنما بھی موجود تھے۔

اس میٹنگ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے آر ایس ایس کے اکھل بھارتیہ پرچار پرمکھ سنیل امبیکر نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک سماج کے مختلف قسم کے لوگوں سے ملتے رہتے ہیں۔ یہ بھی اس جاری مذاکراتی عمل کا حصہ ہے۔

یاد رہے کہ  آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت، جو مسلمانوں کے ساتھ مسلسل رابطہ بڑھانے کی مہم میں مصروف ہیں، انہوں نے گزشتہ ماہ یکم اگست کو آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے سربراہ ڈاکٹر امام عمیر احمد الیاسی سے بھی ملاقات کی تھی۔ حال ہی میں بھاگوت نے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے مسلم دانشوروں کے ایک گروپ سے بھی ملاقات کی تھی ۔

جن میں دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ، سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی  قریشی ،علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ (ریٹائرڈ)، راشٹریہ لوک دل کے قومی نائب صدر شاہد صدیقی اور تاجر سعید شیروانی شامل تھے۔

ملک کے موجودہ حالات میں بھاگوت اور مسلم دانشوروں کی ملاقاتیں بہت اہمیت رکھتی ہیں ۔جنہیں  ملک کے ماحول کو سدھارنے کی جانب ایک اہم قدم مانا جارہا ہے۔ ابھی دانشوروں کےساتھ بات چیت موضوع بحث تھی کہ اب موہن بھاگوت کے راجدھانی کی مسجد کا رخ کرنے کی خبر نے ماحول کو بدلنے کی دو طرفہ کوششوں میں تیزی کا اشارہ دیدیا ہے۔