محمد ضیاءالدین صدیقی وحدت اسلامی ہند کے نئے امیر منتخب

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 02-02-2022
محمد ضیاءالدین صدیقی وحدت اسلامی ہند کے نئے امیر منتخب
محمد ضیاءالدین صدیقی وحدت اسلامی ہند کے نئے امیر منتخب

 

 

آواز دی وائس، ایوت محل

وحدت اسلامی ہند کے امیر مولاناعطاالرحمن وجدی علالت کے سبب اپنے عہدہ سے دست بردار ہوگئے اور ان کی جگہ پرمتفقہ مشورے کے بعد معروف اسلامک اسکالر محمد ضیاءالدین صدیقی کو وحدت اسلامی ہند کا نیا امیر منتخب کرلیا گیا ہے۔

 مولانا عطاءالرحمن وجدی نے اپنی طویل علالت اور ضعف کی وجہ سے وحدت اسلامی ہند کی نمائندہ مجلس کا اجلاس منعقد کرنے اور اس صورت حال میں نئے فیصلے اور مناسب فیصلے کرنے کا حکم دیا تھا۔ چنانچہ وحدت اسلامی کی نمائندہ مجلس کا تین روزہ اجلاس مہاراشٹر کے ایوت محل شہر میں 29 تا 31 جنوری 2022 کو منعقد ہوا۔

اس نشست میں نمائندہ مجلس نے مولانا عطاء الرحمن وجدی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انتہائی بحرانی حالات میں مولاناوجدی نے 16سال تک وحدت اسلامی ہند کی رہنمائی فرمائی اور انتہائی کمزوری و ضعف کے باوجود وحدت اسلامی ہند کے قافلہ کو قوت ومضبوطی عطا کی۔

اس نشست میں نمائندہ مجلس نے تمام امور پر غور وخوض کے بعد محمد ضیاءالدین صدیقی کو وحدت اسلامی ہند کے مرکزی امیر کے طور پر منتخب کیا۔ واضح رہے کہ تنظیم میں امارت کی ذمہ داری تا حیات ہوتی ہے۔

اس موقع پر نشست میں موجود تمام شرکاء نے امیر کے ہاتھ پر تجدید بیعت کی اور فی سبیل اللہ اعلائے کلمۃ اللہ کے نصب العین کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔ خیال رہے کہ مولانا عطا الرحمن وجدی ان 128 مسلم مردوں میں سے ایک تھے جنہیں مارچ 2021 میں گجرات کی ایک عدالت نے یو اے پی اے(UAPA)کے تحت درج 20 سال پرانے مقدمے میں بری کر دیا تھا۔

مولاناعطاالرحمن وجدی کودیگر دوسروں کے ساتھ 27 دسمبر 2000 کو ریاست گجرات کے تاریخی شہراحمد آباد میں پولیس نے کالعدم گروپ اسٹوڈنٹس اسلامک موومنٹ آف انڈیا (SIMI) کے ارکان کے طور پر ایک میٹنگ میں شرکت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مولاناوجدی کو کئی ماہ بعد اگرچہ ضمانت مل گئی تاہم عدالت کو انہیں رہا کرنے میں 20 سال لگ گئے۔