نئی دہلی: وزیرِ اعظم نریندر مودی پیر کے روز انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے چھ روزہ تین ملکی دورے پر روانہ ہوگئے۔ وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ روانگی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی، مہاساگر (MAHASAGAR) وژن اور آزاد و کھلے ہند-بحرالکاہل کے حوالے سے ملک کے نقطۂ نظر کو مزید مضبوط کرے گا۔
بیان میں مودی نے کہا، ’’میں 6 سے 11 جولائی 2026 تک انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے تین ملکی دورے پر جا رہا ہوں۔ جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر عزت مآب پرابوو سوبیانتو کی دعوت پر میں 6 سے 8 جولائی تک انڈونیشیا کا دورہ کروں گا۔ میری 2018 کی پہلی انڈونیشیا یاترا کے دوران دونوں ممالک نے اپنے تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری تک بلند کیا تھا۔ تعلقات کے اس نئے مرحلے کے بعد یہ میرا پہلا دوطرفہ دورہ ہے، جو صدر پرابوو کے 26 جنوری 2025 کو یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں مہمانِ خصوصی کے طور پر ہندوستان کے سرکاری دورے کے بعد ہو رہا ہے۔‘
‘ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان تہذیبی اور عوامی روابط نہایت مضبوط ہیں اور ان کا یہ دورہ دونوں ممالک کی کثیر جہتی شراکت داری کو مزید وسعت دے گا۔ مودی انڈونیشیا میں مقیم ہندوستانی برادری سے بھی ملاقات کریں گے اور صدر پرابوو کے ساتھ یوگیاکارتا میں واقع پرمبانن مندر کے تاریخی مجموعے کا دورہ بھی کریں گے، جو دونوں ممالک کے قریبی ثقافتی تعلقات کی ایک نمایاں علامت ہے۔
اس کے بعد وزیرِ اعظم مودی، آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم انتھونی البانیزی کی دعوت پر میلبورن جائیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’انڈونیشیا سے میں آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم عزت مآب انتھونی البانیزی کی دعوت پر میلبورن جاؤں گا۔ یہ دورہ ہماری جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔ وزیرِ اعظم البانیزی کے ساتھ ملاقات میں دفاع و سلامتی، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، نقل و حرکت اور عوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔
میلبورن میں مجھے ہندوستانی برادری سے ملاقات کا بھی موقع ملے گا، جو ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے۔ اس دورے سے ابھرتی اور اہم ٹیکنالوجیز، کھیل اور کھیلوں کے سائنسی شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔‘‘ مودی اپنے دورے کے آخری مرحلے میں نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم کرسٹوفر لکسن کی دعوت پر آکلینڈ جائیں گے۔
انہوں نے کہا، ’’میلبورن سے میں نیوزی لینڈ کے وزیرِ اعظم عزت مآب کرسٹوفر لکسن کی دعوت پر آکلینڈ کا دورہ کروں گا۔ مارچ 2025 میں وزیرِ اعظم لکسن کے ہندوستانی دورے کے بعد ہمارے دوطرفہ تعلقات میں جو مثبت پیش رفت ہوئی ہے، میرا یہ دورہ اسے مزید آگے بڑھائے گا۔ میں وزیرِ اعظم لکسن کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور کاروباری تعاون کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کروں گا۔
آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے دوطرفہ تجارت اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا ہے۔ ہمارے تعلقات میں ہندوستانی برادری نے اہم کردار ادا کیا ہے اور میں اس دورے کے دوران نیوزی لینڈ میں مقیم ہندوستانی برادری کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کا منتظر ہوں، جس نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔‘‘