مودی حکومت 22-23 لاکھ طلباء کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے: عام آدمی ہارٹی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-05-2026
مودی حکومت 22-23 لاکھ طلباء کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے: عام آدمی ہارٹی
مودی حکومت 22-23 لاکھ طلباء کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے: عام آدمی ہارٹی

 



روہتک
عام آدمی پارٹی کے قومی میڈیا انچارج انوراگ دھندا نے جمعہ کے روز نیٹ-یو جی 2026 پرچہ لیک معاملے پر تشویش ظاہر کی، جس کے بعد اب 21 جون کو دوبارہ امتحان لیا جائے گا۔
اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے انوراگ دھندا نے سوال اٹھایا کہ آیا پرچہ لیک کے پیچھے سرگرم گینگ کو توڑنے کے لیے کوئی مؤثر اقدام کیا گیا ہے یا نہیں۔
انہوں نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ امتحان میں شامل ہونے والے طلبہ کی زندگیوں کے ساتھ ’’کھیل‘‘ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت جس طرح نیٹ امتحانات کو سنبھال رہی ہے، اس سے نوجوانوں کے ذہنوں میں مزید شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔ ملک بھر کے لاکھوں نوجوان خوف اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔ اچانک امتحان منسوخ کر دیا گیا اور کہا گیا کہ دوبارہ امتحان لیا جائے گا۔ ایک تاریخ بھی دے دی گئی... لیکن آخر بدلا کیا ہے؟ کیا اس پورے ریکیٹ کا سرغنہ گرفتار ہوا؟
انہوں نے مزید کہا کہ کیا وہ لوگ جو اوپر بیٹھے ہیں، جنہیں سیاسی تحفظ حاصل ہے اور جو ہر سال پرچہ لیک کرواتے ہیں، کیا وہ جیل گئے؟ نچلی سطح کے چند لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ این ٹی اے ایک ماہ بعد دوبارہ امتحان لے گی۔ اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ اس بار پھر پرچے فروخت نہیں ہوں گے؟ مودی حکومت 22 سے 23 لاکھ طلبہ کی زندگیوں کے ساتھ کھیل رہی ہے۔
ادھر مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے اعلان کیا کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) 21 جون کو نیٹ-یو جی کا دوبارہ امتحان منعقد کرے گی اور کہا کہ اگلے سال سے امتحان کو شفافیت یقینی بنانے کے لیے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (سی بی ٹی) موڈ میں منتقل کیا جائے گا۔
پردھان نے طلبہ کو یقین دلایا کہ اس بار امتحان میں بدعنوانی نہیں ہونے دی جائے گی اور حکومت کی سب سے بڑی ترجیح طلبہ کا مستقبل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح طلبہ کا مستقبل ہے اور حکومت ان کی محنت اور کوششوں کے تئیں حساس ہے۔ ہم اس بار کسی بھی قسم کی بدعنوانی نہیں ہونے دیں گے۔ حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ قومی مفاد میں ہمیں ایک مشکل فیصلہ لینا پڑا۔ ہمیں اس پر بہت افسوس ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم نے اعتراف کیا کہ سوالات ’’گَیس پیپر‘‘ کے نام پر باہر پہنچ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ تصدیقی عمل 8 مئی سے شروع ہوا اور اگلے چار دن تک جاری رہا، جس کے بعد مرکز نے 12 مئی کو امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل 8 مئی کی صبح شروع ہوا اور 8، 9، 10 اور 11 مئی تک جاری رہا۔ جب ہمیں مکمل وضاحت مل گئی اور یہ تصدیق ہو گئی کہ اس بار پرچہ لیک کی بنیاد پر سوالات باہر گئے تھے، تو ہم نے 12 مئی کو طلبہ کے مفاد میں امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہم نہیں چاہتے تھے کہ تعلیمی مافیا کی سازش کے باعث کوئی مستحق امیدوار اپنے حق سے محروم رہ جائے۔
مرکزی وزیر نے این ٹی اے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسی پوری طرح جوابدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ٹی اے مکمل طور پر جوابدہ ہے۔ این ٹی اے ایک قابل شخص کے ہاتھ میں ہے۔ یہ سپریم کورٹ کی سفارش پر قائم کی گئی تھی اور ہر سال تقریباً ایک کروڑ طلبہ کے امتحانات منعقد کرتی ہے۔ ہم این ٹی اے میں صفر غلطی کو یقینی بنائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کو کسی ایک ادارے کے بجائے امتحانی نظام سے متعلق چیلنج کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
وزیرِ تعلیم نے اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی جمع شدہ فیس واپس کی جائے گی اور آئندہ امتحان کے لیے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔پردھان نے کہا کہ ہم طلبہ کی فیس واپس کریں گے۔ آئندہ امتحان کے لیے زیرو فیس ہوگی۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ اگلے سال سے نیٹ امتحان کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (سی بی ٹی) موڈ میں منعقد کیا جائے گا تاکہ امتحانی نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور بے ضابطگیوں کو روکا جا سکے۔
انہوں نے کہا، ’’ہر سال اس امتحان میں بڑی تعداد میں طلبہ شریک ہوتے ہیں۔ این ٹی اے آج شام تک مکمل معلومات کے ساتھ ایک تفصیلی عوامی نوٹس جاری کرے گی۔ ابتدائی طور پر این ٹی اے نے طلبہ کو ایک ہفتے کا وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ دوبارہ اپنی پسند کے امتحانی شہر کا انتخاب کر سکیں، کیونکہ بہت سے امیدوار اُس شہر سے واپس جا چکے ہوں گے جہاں انہوں نے پچھلا امتحان دیا تھا۔
پردھان نے کہا کہ تمام امیدواروں کو 14 جون تک ایڈمٹ کارڈ جاری کر دیے جائیں گے۔