جند (ہریانہ): وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ہریانہ کے جند سے ہندوستان کی پہلی ہائیڈروجن ایندھن سے چلنے والی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ یہ منصوبہ ماحول دوست نقل و حمل اور آتم نربھر بھارت مہم کے تحت خود کفیل ٹیکنالوجی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ٹرین 89 کلومیٹر طویل جند–سونی پت ریلوے سیکشن پر چلے گی اور جند جنکشن، گوہانہ جنکشن اور سونی پت کو درمیان کے تمام اسٹیشنوں کے ساتھ جوڑے گی۔
اس کے آغاز کے ساتھ ہی ہندوستان ان چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے جہاں ہائیڈروجن ٹیکنالوجی پر مبنی ریل گاڑیاں چل رہی ہیں۔ مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے کہا کہ یہ ہندوستانی انجینئرنگ کی ایک تاریخی کامیابی ہے، کیونکہ اس ٹرین کا مکمل پروپلشن سسٹم اور ٹیکنالوجی ملک میں ہی تیار کی گئی ہے اور اس کے تمام املاکِ دانش (IP) حقوق بھی ہندوستان کے پاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائیڈروجن مستقبل کا ایندھن ہے اور اسے نقل و حمل میں استعمال کرنے کی مقامی ٹیکنالوجی تیار کرنا آتم نربھر بھارت مہم کا اہم مقصد ہے۔ وزارتِ ریلوے کے مطابق یہ ہائیڈروجن فیول سیل ٹرین ہائیڈروجن اور آکسیجن کے ملاپ سے بجلی پیدا کرتی ہے، جبکہ اس عمل میں صرف پانی کی بھاپ اور حرارت خارج ہوتی ہے، جس کے باعث اس سے تقریباً صفر اخراج (Near-Zero Emissions) ہوتا ہے۔
आज भारत को पहली हाइड्रोजन ट्रेन मिलने का सपना साकार होने जा रहा है। यह आत्मनिर्भर भारत और सतत विकास की दिशा में एक बहुत बड़ा दिन है। मैं इससे जुड़े सभी लोगों को बहुत बधाई देता हूं।
— Narendra Modi (@narendramodi) July 17, 2026
प्रभूतं कार्यमल्पं वा यन्नरः कर्तुमिच्छति।
सर्वारम्भेण तत् कार्यं सिंहादेकं प्रचक्षते।। pic.twitter.com/aAbVNt9GCb
یہ ٹرین روایتی برقی ٹرینوں کی طرح اوورہیڈ بجلی کی تاروں پر انحصار نہیں کرتی۔ 10 ڈبوں پر مشتمل اس ٹرین میں تقریباً 2,600 مسافروں کی گنجائش ہے۔ اس میں دو ہائیڈروجن پاور کاریں اور آٹھ ٹریلر کوچ شامل ہیں۔ ٹرین کی ڈیزائن رفتار 110 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، تاہم ابتدائی مرحلے میں اسے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلایا جائے گا۔
اشونی ویشنو نے بتایا کہ پانی سے الیکٹرولائزر پلانٹ کے ذریعے ہائیڈروجن تیار کی جاتی ہے، پھر فیول سیل کے ذریعے اسے بجلی میں تبدیل کیا جاتا ہے، جس سے ٹرین کے موٹرز چلتے ہیں۔ وزارتِ ریلوے نے جند میں ملک کا پہلا مربوط ہائیڈروجن ریلوے نظام بھی قائم کیا ہے، جہاں ہائیڈروجن کی تیاری، ذخیرہ، کمپریشن اور ری فیولنگ کی سہولت موجود ہے۔
اس مرکز میں تقریباً 3,000 کلوگرام ہائیڈروجن ذخیرہ کی جا سکتی ہے اور اسے پیٹرولیم اینڈ ایکسپلوسوز سیفٹی آرگنائزیشن (PESO) سے منظوری حاصل ہے۔ ریلوے وزیر نے بتایا کہ ٹرین کی حفاظت کے لیے جرمنی کے معروف ادارے TUV SUD سے آزادانہ حفاظتی جانچ کرائی گئی ہے۔ ٹرین میں ہائیڈروجن کے اخراج، آگ، حرارت اور دھویں کا پتہ لگانے والے جدید نظام، خودکار ہائیڈروجن بندش، مسلسل وینٹیلیشن اور ہنگامی ردعمل کی سہولیات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید سینسر مسلسل ہائیڈروجن کی مقدار پر نظر رکھتے ہیں، اور اگر اس کی مقدار 0.25 فیصد سے زیادہ ہو جائے تو تمام حفاظتی نظام فوراً فعال ہو جاتے ہیں، جبکہ حقیقی خطرہ 4 فیصد سے اوپر کی سطح پر ہوتا ہے۔ یہ منصوبہ ریسرچ ڈیزائنز اینڈ اسٹینڈرڈز آرگنائزیشن (RDSO) کی تکنیکی رہنمائی میں تیار کیا گیا ہے اور قومی گرین ہائیڈروجن مشن اور ہندوستان کے نیٹ زیرو اہداف کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اشونی ویشنو نے کہا کہ اس وقت یورپ، چین اور امریکہ سمیت دنیا کے چند ہی ممالک میں ہائیڈروجن ٹرینیں چل رہی ہیں، لیکن چونکہ اس ٹیکنالوجی کے حقوق اب ہندوستان کے پاس ہیں، اس لیے مستقبل میں اسے دیگر ممالک کو بھی برآمد کیا جا سکے گا۔ اپنے دورۂ ہریانہ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی دہلی–امرتسر–کٹرا ایکسپریس وے کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔
اس ایکسپریس وے سے دہلی سے کٹرا کا سفر تقریباً 14 گھنٹے سے کم ہو کر 6 گھنٹے اور دہلی سے امرتسر کا سفر 8 گھنٹے سے کم ہو کر 4 گھنٹے رہ جائے گا۔ وزیراعظم کے دفتر کے مطابق مودی جند میں تقریباً 9,680 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 157.92 کلومیٹر طویل گرین فیلڈ ایکسپریس وے کے پہلے پانچ پیکیجوں کا افتتاح کریں گے، جبکہ بعد میں پنجاب کے جالندھر میں اس کے 30.9 کلومیٹر طویل چھٹے پیکیج کا بھی افتتاح کریں گے۔