مودی نے کونیرو ہمپی کو ورلڈ ریپڈ برانز میڈل پر مبارکباد دی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-12-2025
مودی نے کونیرو ہمپی کو ورلڈ ریپڈ برانز میڈل پر مبارکباد دی
مودی نے کونیرو ہمپی کو ورلڈ ریپڈ برانز میڈل پر مبارکباد دی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز دوحہ میں منعقدہ فیڈے ورلڈ ریپڈ شطرنج چیمپئن شپ کے خواتین زمرے میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر ہندوستانی شطرنج کی ممتاز کھلاڑی کونرو ہمپی کی ستائش کی اور اس کامیابی کے پیچھے ان کی لگن اور محنت کو سراہا۔ ہمپی، جو اس مقابلے میں دفاعی چیمپئن کے طور پر اتری تھیں، اتوار کو آخری راؤنڈ کے بعد 8.5 پوائنٹس کے ساتھ دو دیگر گرینڈ ماسٹروں کے برابر اسکور پر مشترکہ برتری میں تھیں، تاہم بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن (فیڈے) کے ٹائی بریکر قواعد کے باعث وہ سونے کا تمغہ حاصل نہ کر سکیں۔
وزیرِ اعظم مودی نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ کونرو ہمپی کو دوحہ میں 2025 فیڈے ورلڈ ریپڈ شطرنج چیمپئن شپ کے خواتین زمرے میں شاندار کارکردگی دکھا کر کانسی کا تمغہ حاصل کرنے پر مبارکباد۔ کھیل کے تئیں ان کی لگن قابلِ تعریف ہے۔ آئندہ کے لیے نیک تمنائیں۔
وزیرِ اعظم اکثر مختلف کھیلوں کے شعبوں میں ہندوستان کے کھلاڑیوں اور پیرا کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو سراہتے ہیں اور ذاتی طور پر بھی متعدد کھلاڑیوں سے ملاقات کرتے رہے ہیں۔
اگر ہمپی اتوار کو خطاب جیت لیتیں تو وہ تین مرتبہ ورلڈ ریپڈ ٹائٹل جیتنے والی پہلی خاتون شطرنج کھلاڑی بن جاتیں اس سے قبل وہ 2019 اور 2024 میں یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ وہ چین کی جو وین جون کے بعد لگاتار دو ٹائٹل جیتنے والی دوسری خاتون کھلاڑی بھی بن سکتی تھیں۔
تاہم 38 سالہ ہمپی کے لیے یہ لمحہ افسوسناک ثابت ہوا، جن کا شاندار کیریئر دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ فیڈے کے ٹائی بریکر قواعد کے تحت یکساں اسکور رکھنے والے کھلاڑیوں کی درجہ بندی کی گئی، جس میں ہمپی چین کی ژو جِنر اور روسی گرینڈ ماسٹر الیگزینڈرا گوریچکینا سے پیچھے رہ گئیں، حالانکہ تینوں کے 11ویں اور آخری راؤنڈ کے بعد 8.5 پوائنٹس تھے۔
گوریچکینا نے اپنا پہلا ورلڈ ریپڈ ٹائٹل جیتا اور 40 ہزار یورو کی انعامی رقم حاصل کی۔ ’اوپن‘ زمرے میں ارجن ایریگائسی نے عالمی نمبر ایک میگنس کارلسن اور روسی گرینڈ ماسٹر ولادیسلاو آرتیمییف کے بعد کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ ہمپی کو پیر کے روز بعد میں دوحہ میں شروع ہونے والے ورلڈ بلیٹز ٹائٹل کے مقابلے میں بھی اپنی دعویداری پیش کرنے کا موقع ملے گا۔