گوہاٹی: آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے ہفتہ کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست میں جاری سیلابی صورتحال کے حوالے سے انہیں فون کیا اور آسام کے عوام کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ہمنتا بسوا سرما نے کہا کہ وزیر اعظم نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات، جاری راحتی کارروائیوں اور زمینی سطح پر درپیش چیلنجوں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
وزیر اعلیٰ نے لکھا، "وزیر اعظم نریندر مودی جی نے کچھ دیر پہلے مجھے فون کرکے آسام میں جاری سیلاب کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے تباہی کی شدت، امدادی کارروائیوں اور ہمیں درپیش مشکلات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔" انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو ریاستی حکومت کی جانب سے کیے جا رہے امدادی اقدامات اور متاثرہ ہر خاندان تک پہنچنے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
ہمنتا بسوا سرما کے مطابق وزیر اعظم نے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آسام کی اس قدرتی آفت کو مرکزی حکومت نے انتہائی ترجیح دی ہے اور راحت، بازآبادکاری اور تعمیرِ نو کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے اس مشکل گھڑی میں وزیر اعظم کی یقین دہانی اور تعاون پر آسام کے عوام کی جانب سے اظہارِ تشکر بھی کیا۔ دریں اثنا، آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ASDMA) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 14 افراد کی ہلاکت کے بعد ریاست میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد 61 ہو گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ اموات میں سات افراد ضلع چرائی دیو، چھ ضلع شیوساگر اور ایک ضلع جورہاٹ سے تعلق رکھتا تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 11 مرد اور تین خواتین شامل ہیں، جبکہ شیوساگر ضلع میں ایک شخص اب بھی لاپتا ہے۔
ریاست میں سیلاب کی صورتحال بدستور سنگین ہے اور 12 اضلاع کے 7.05 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ان اضلاع میں گولاگھاٹ، چرائی دیو، ڈبروگڑھ، ہوجائی، ناگاؤں، بشواناتھ، جورہاٹ، دھیمجی، شیوساگر، سونیت پور، کامروپ (میٹرو) اور کاربی آنگلونگ شامل ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع شیوساگر ہے، جہاں 3,48,555 افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ چرائی دیو میں 1,88,404 اور جورہاٹ میں 1,26,793 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اے ایس ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب سے اب تک 856 دیہات اور 37 ریونیو سرکل متاثر ہو چکے ہیں۔