میزورم: تیز بارش کے درمیان پانچ اضلاع میں اسکول بند

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-04-2026
میزورم: تیز بارش کے درمیان پانچ اضلاع میں اسکول بند
میزورم: تیز بارش کے درمیان پانچ اضلاع میں اسکول بند

 



نئی دہلی
ریاست میزورم میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث آئیزول، سرچھپ اور لونگلےئی اضلاع میں بدھ کے روز مسلسل دوسرے دن بھی تمام اسکول بند رکھے گئے۔اسکول ایجوکیشن کی ڈائریکٹر انجیلا جوتھانپُوئی نے بتایا کہ جنوبی اضلاع ہنہتھیال اور لانگتلائی میں منگل کو اسکول کھلے رہے تھے، تاہم بدھ کو انہیں بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان پانچوں اضلاع کی انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے تحت یہ فیصلہ کیا ہے۔ آئیزول ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، ملبہ گرنے، چٹانوں کے کھسکنے اور اچانک سیلاب آنے کا خطرہ کافی بڑھ گیا ہے۔میزورم میں پیر سے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ و ریہیبیلیٹیشن محکمہ نے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان کی اطلاع دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیر اور منگل کے درمیان آنے والے طوفان سے 70 سے زائد مکانات، کچھ چرچ ہال، اسکول اور سرکاری عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔
محکمے نے بتایا کہ فی الحال کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ہندوستان محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آئیزول میں سب سے زیادہ 57.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر متاثرہ علاقوں میں مامیت میں 47.5 ملی میٹر، کھاؤزال میں 35.5 ملی میٹر، سرچھپ میں 34.5 ملی میٹر اور سیاہا میں 34 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے آئیزول، کولاسیب، مامیت، چمفائی اور سرچھپ میں جمعہ تک شدید سے انتہائی شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔اس کے علاوہ بدھ کے روز کولاسیب اور جمعرات کو آئیزول میں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔