شیوکمار کے ساتھ 13 وزراء بھی حلف اٹھائیں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-06-2026
شیوکمار کے ساتھ 13 وزراء بھی حلف اٹھائیں گے
شیوکمار کے ساتھ 13 وزراء بھی حلف اٹھائیں گے

 



بنگلورو: کرناٹک کے نامزد وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ نئی حکومت کے قیام کے موقع پر ان کے ساتھ 13 وزراء بھی حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب آج شام 4 بج کر 5 منٹ پر لوک بھون کے گلاس ہاؤس میں منعقد ہوگی، جہاں گورنر تھاور چند گہلوت وزیرِ اعلیٰ اور وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے۔

صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہ پہلے مرحلے میں کتنے وزراء شامل ہوں گے، شیوکمار نے مختصراً کہا: "پلس تیرہ" یعنی ان کے ساتھ 13 ساتھی بھی حلف اٹھائیں گے۔ اگرچہ وزراء کی سرکاری فہرست ابھی جاری نہیں کی گئی، تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس کے سینئر رہنما جی پرمیشورا کو نائب وزیرِ اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق جن رہنماؤں کے کابینہ میں شامل ہونے کا امکان ہے، ان میں ستیش جارکی ہولی، کے ایچ منی اپّا، پریانک کھڑگے، کرشنا بائرے گوڑا، ایم بی پاٹل، کے جے جارج، رام لنگا ریڈی، شرن پرکاش پاٹل، ایشور کھنڈرے، بائرتی سریش، یو ٹی خادر اور یتیندر سدارامیا شامل ہیں۔ متوقع وزراء میں سے بیشتر اس سے قبل سدارامیا کی حکومت میں وزارت کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔

البتہ یو ٹی خادر اس وقت کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر ہیں، جبکہ یتیندر سدارامیا سبکدوش ہونے والے وزیرِ اعلیٰ سدارامیا کے صاحبزادے ہیں۔ نئی کابینہ کی تشکیل کے ساتھ ہی شیوکمار حکومت کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ کانگریس قیادت نے طویل مشاورت کے بعد انہیں ریاست کا نیا وزیرِ اعلیٰ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔