بنگلورو
کرناٹک کے نامزد وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار آج بعد میں وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں، جبکہ کانگریس قیادت نے نئی کابینہ کے وزراء کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق بدھ کے روز مجموعی طور پر 14 وزراء ان کے ساتھ حلف لیں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بنگلورو کے لوک بھون میں شام 4 بجے منعقد ہونے والی حلف برداری تقریب سے قبل وزراء کی فہرست کو کانگریس کی اعلیٰ قیادت کی منظوری مل چکی ہے۔اس دوران کانگریس رہنما ایم بی پاٹل نے بطور وزیر اپنے انتخاب کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مستقبل کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اس بارے میں اطلاع دی۔ انہوں نے وزیر منتخب ہونے پر مجھے مبارکباد دی اور میں نے بھی انہیں نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کابینہ میں شامل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
کانگریس کے سینئر رہنما جی پرمیشور نے بھی آج شیوکمار کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ نئی کابینہ میں انہیں نائب وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔ستیش جارکیہولی، رام لنگا ریڈی، ایم بی پاٹل، پریانک کھڑگے اور یتیندر سدارامیا سمیت کئی سینئر رہنماؤں کے بھی نئی حکومت میں بطور وزیر حلف اٹھانے کی توقع ہے۔
آج دن کے وقت ڈی کے شیوکمار نے بنگلورو میں اپنی رہائش گاہ کے باہر جمع حامیوں کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر ان کے وزیر اعلیٰ بننے کی خوشی میں جشن منایا گیا اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔
کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے اس تقریب میں شریک ہونے کی توقع ہے، جن میں راہل گاندھی، ملکارجن کھڑگے، کے سی وینوگوپال اور رندیپ سنگھ سرجے والا شامل ہیں۔ کانگریس کے زیرِ اقتدار کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی تقریب میں موجود رہ سکتے ہیں۔سابق مرکزی وزیر سشیل کمار شندے بھی تقریب میں شرکت کے لیے بنگلورو پہنچے۔ انہوں نے قیادت کی تبدیلی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہماری پارٹی ہمیشہ درست فیصلے کرتی ہے۔ اگرچہ بعض اوقات فیصلوں میں تھوڑا وقت لگ جاتا ہے، لیکن مجھے یقین ہے کہ دونوں رہنما مل کر پارٹی کو آگے بڑھائیں گے۔
سیاسی حکمتِ عملی، بحرانوں سے نمٹنے اور کرناٹک میں کانگریس تنظیم کو مضبوط بنانے کے کئی عشروں بعد ڈوڈالاہلی کیمپے گوڑا شیوکمار، جو ڈی کے شیوکمار کے نام سے معروف ہیں، کانگریس لیجسلیٹو پارٹی کے رہنما منتخب ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔آٹھ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے اور کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر شیوکمار کو اکثر پارٹی کا "ٹربل شوٹر" کہا جاتا ہے۔ انہوں نے عوامی سطح پر مضبوط بنیاد قائم کرتے ہوئے سیاسی بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت کے باعث پارٹی میں اپنا مقام مضبوط کیا۔
سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پریانکا گاندھی واڈرا اور ملکارجن کھڑگے سمیت کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات نے طویل اندرونی مشاورت کے بعد انہیں ریاست کے اعلیٰ ترین عہدے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔15 مئی 1962 کو کاناکاپورا میں پیدا ہونے والے شیوکمار نے 1980 کی دہائی میں طالب علم رہنما کے طور پر سیاست کا آغاز کیا۔ 1985 میں ابتدائی ناکامی کے بعد انہوں نے 1989 میں 27 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ اسمبلی انتخابات جیتے اور اس کے بعد مسلسل آٹھ فتوحات حاصل کر کے ووکالیگا اکثریتی علاقوں میں مضبوط سیاسی بنیاد قائم کی۔
اپنی تنظیمی صلاحیتوں کے باعث معروف شیوکمار نے ماضی میں کانگریس حکومتوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا، جن میں 2002 کا مہاراشٹر سیاسی بحران اور 2017 کے گجرات راجیہ سبھا انتخابات شامل ہیں۔ انہوں نے 2023 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی سمیت کرناٹک میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی تیار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
شیوکمار 2020 سے کے پی سی سی کے صدر ہیں اور گزشتہ حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ ان کے سیاسی سفر میں کئی تنازعات بھی شامل رہے، جن میں مرکزی ایجنسیوں کی تحقیقات اور 2019 میں مختصر مدت کی قید شامل ہے، تاہم یہ معاملات ان کی سیاسی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکے۔
گاندھی خاندان کے قریبی معتمد سمجھے جانے والے ڈی کے شیوکمار اب باضابطہ طور پر کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالنے جا رہے ہیں، جو ریاست کی سیاست میں قیادت کی تبدیلی کا ایک اہم مرحلہ تصور کیا جا رہا ہے۔