نئی دہلی، 11 مئی (پی ٹی آئی) — ہندوستانی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتوار کے روز کہا کہ آپریشن سندور کے تحت ہندوستانی مسلح افواج نے نہ صرف سرحد کے قریب پاکستانی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا بلکہ ان کی طاقت راولپنڈی تک محسوس کی گئی، جہاں پاکستانی فوج کا صدر دفتر واقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے ان دہشت گردوں اور ہندوستان مخالف قوتوں کو سزا دی ہے جنہوں نے پاہلگام دہشت گرد حملے میں کئی خاندانوں کی مانگ کا سندور مٹا دیا تھا۔لکھنؤ میں براہموش پروڈکشن یونٹ کی ورچوئل افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ:"آپریشن سندور صرف ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی سیاسی، سماجی اور تزویراتی قوتِ ارادی کی علامت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ کارروائی 7 مئی کو صبح سویرے شروع کی گئی، جس کا مقصد پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں نو دہشت گردی کے ڈھانچوں کو تباہ کرنا تھا۔ بعد ازاں پاکستان کی کسی بھی کارروائی کا جواب اسی آپریشن کے تحت دیا گیا۔
ہندوستان اور پاکستان نے ہفتے کے روز زمینی، فضائی اور بحری محاذوں پر فوری طور پر تمام فائرنگ اور فوجی کارروائیوں کو روکنے پر اتفاق کیا۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پورا ملک ہندوستانی فوج کو اس آپریشن کی کامیابی پر مبارکباد دے رہا ہے۔ یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط ارادے اور فوجی طاقت کی صلاحیت و عزم کی عکاس ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ جب ہندوستان دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرتا ہے تو سرحد پار بھی دہشت گرد اور ان کے سرپرست محفوظ نہیں رہتے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ آپریشن سندور کے ذریعے ہندوستانی افواج نے پاکستان میں دہشت گردی کے ڈھانچوں کو تباہ کرنے کا ہدف حاصل کیا۔ہم نے کبھی ان کے شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، لیکن پاکستان نے ہندوستان کے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا، حتیٰ کہ مندروں، گوردواروں اور گرجا گھروں پر حملے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے بہادری، شجاعت اور ضبط کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے متعدد فوجی اڈوں پر مؤثر جوابی حملے کیے۔ہم نے صرف سرحد کے قریب اڈوں کو نہیں بلکہ راولپنڈی تک ہندوستان کی فوجی طاقت کا خوف محسوس کروایا۔
،راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ دنیا نے ہندوستان کی دہشت گرد حملوں کے خلاف سخت ردعمل کو دیکھا ہے،اُڑی حملے کے بعد ہم نے سرجیکل اسٹرائیک کی،پلوامہ کے بعد بالاکوٹ ایئر اسٹرائیک کی اور اب پاہلگام حملے کے بعد دنیا نے دیکھا کہ ہندوستان نے پاکستان میں داخل ہو کر کئی حملے کیے۔"آخر میں انہوں نے کہا:کہ"وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت یہ نیا ہندوستان ہے، جو سرحد کے دونوں جانب دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کرے گا۔