نئی دہلی: بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعہ کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ چھ سے سات دنوں کے دوران شمال مغربی، وسطی، مشرقی اور جزیرہ نما بھارت کے بڑے حصوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو (Heatwave) کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے بعض علاقوں میں 22 مئی سے 28 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال رہ سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ مشرقی اتر پردیش اور مشرقی مدھیہ پردیش میں اسی عرصے کے دوران شدید ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی کے کچھ حصوں میں بھی 22 مئی سے 28 مئی کے درمیان شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، جبکہ 24 مئی سے 27 مئی کے دوران بعض علاقوں میں انتہائی شدید ہیٹ ویو ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان میں 22 سے 28 مئی تک ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ مغربی راجستھان میں 24 مئی سے شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دیگر جن علاقوں میں مختلف دنوں میں ہیٹ ویو یا شدید ہیٹ ویو کا امکان ہے ان میں ودربھ، آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اڈیشہ، تلنگانہ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ شامل ہیں۔
آئی ایم ڈی نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ 22 سے 24 مئی کے دوران اتر پردیش اور ودربھ کے کچھ علاقوں میں گرم راتوں (Warm Night) کا امکان ہے، اڈیشہ میں یہ صورتحال 26 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ تلنگانہ میں 22 اور 23 مئی کو گرم راتیں متوقع ہیں۔