تھرواننتھاپورم
کانگریس کی قیادت میں یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) نے دس سال بعد پیر کے روز کیرالم میں باقاعدہ طور پر حکومت سنبھال لی۔ ریاستی دارالحکومت کے سنٹرل اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک شاندار اور بھرپور تقریب میں 61 سالہ وی ڈی ستھیسن نے ریاست کے 13ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔
شاندار تقریب کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ ستھیسن نے اپنی پہلی کابینہ میٹنگ کی صدارت کی اور انتخابی وعدوں کی تکمیل کے لیے فوری پالیسی اقدامات کا اعلان کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ 15 جون سے کیرالہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس کی تفصیلات آئندہ دنوں میں جاری کی جائیں گی۔
آج صبح ریاستی دارالحکومت کے سنٹرل اسٹیڈیم میں ایک بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں وندے ماترم اور جن گن من کی دھن کے بعد گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکَر نے 61 سالہ ستھیسن اور ان کی مکمل کابینہ سے حلف لیا۔ اس موقع پر اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جبکہ بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں کے اطراف موجود تھے۔
ستھیسن، جو ایرناکولم ضلع کے نیٹوور میں دامودرا مینن کے ہاں پیدا ہوئے، نے خدا کے نام پر حلف لیا۔ 2026 کے اسمبلی انتخابات میں وہ مسلسل چھٹی بار پارا وُر اسمبلی حلقے سے کامیاب ہوئے۔ان کے ساتھ گورنر نے کابینہ کے 20 وزراء کو بھی حلف دلایا جن میں 14 نئے چہرے، دو خواتین اور دو درج فہرست ذات کے نمائندے شامل ہیں۔ کانگریس کے 11 وزراء، اس کی اتحادی مسلم لیگ کے 5، جبکہ کیرالہ کانگریس (جوزف)، کیرالہ کانگریس (جیکب)، ریولوشنری سوشلسٹ پارٹی اور کمیونسٹ مارکسسٹ پارٹی کے ایک ایک وزیر شامل ہیں۔
یو ڈی ایف نے اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر سینئر رکن تھرووانچور رادھا کرشنن اور ڈپٹی اسپیکر کے طور پر شانی مول عثمان کو نامزد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔140 رکنی اسمبلی کے انتخابات 9 اپریل کو ہوئے تھے اور نتائج 4 مئی کو جاری کیے گئے۔ یو ڈی ایف نے 102 نشستیں حاصل کیں، جبکہ بائیں محاذ نے 35 اور بی جے پی نے 3 نشستیں جیتیں۔
ستھیسن نے آئین ہند سے وفاداری، خودمختاری کے تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے انصاف کی فراہمی کا حلف لیا۔
نئے وزیر اعلیٰ نے بعد ازاں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات کی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے گلے ملے۔ انہوں نے اسٹیج پر موجود دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کی جن میں سابق وزیر اعلیٰ پینارائی وجیئن بھی شامل تھے، جو اب اپوزیشن کی قیادت کریں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ستھیسن کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب میں مسلم لیگ کے رہنما پی کے کنہالی کٹی، کانگریس کے رمییش چنیتھلا، سنی جوزف، کے موریلی دھرن، ایم جوزف جان، اے پی انیل کمار، اور دیگر رہنماؤں نے بھی حلف لیا۔
یو ڈی ایف حکومت نے راہل گاندھی کے انتخابی وعدوں کے مطابق پانچ ضمانتوں کے نفاذ کا اعلان کیا جن میں خواتین کے لیے مفت بس سفر، طالبات کے لیے ماہانہ ایک ہزار روپے امداد، تین ہزار روپے پنشن، 25 لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس اور چھوٹے کاروباروں کے لیے سود سے پاک قرض شامل ہیں۔
تقریب کے دوران مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ رہنما بھی موجود تھے جن میں کرناٹک، تلنگانہ اور دیگر ریاستوں کے رہنما شامل تھے۔تقریب کے بعد گورنر نے نو منتخب وزراء کو لوک بھون میں چائے پر مدعو کیا، جس کے بعد نئی حکومت کی پہلی کابینہ میٹنگ منعقد ہوئی۔