ایم سی ڈی جن وشواس فریم ورک کے تحت ڈیجیٹل چالان کی منصوبہ بندی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-05-2026
ایم سی ڈی جن وشواس فریم ورک کے تحت ڈیجیٹل چالان کی منصوبہ بندی
ایم سی ڈی جن وشواس فریم ورک کے تحت ڈیجیٹل چالان کی منصوبہ بندی

 



نئی دہلی
میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) جن وشواس ایکٹ 2026 کے تحت شہری قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کرنے اور وصول کرنے کے لیے ایک ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ حکام نے بدھ کے روز یہ معلومات دی۔مجوزہ نظام کے تحت "ایم سی ڈی 311" ایپ میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں اور ایک خصوصی بیک اینڈ پورٹل بھی تیار کیا جا سکتا ہے، جس کے ذریعے فیلڈ افسران معائنہ کے بعد موقع پر ہی جرمانہ عائد کر سکیں گے اور شواہد کو ڈیجیٹل طور پر اپ لوڈ کر سکیں گے۔
ایم سی ڈی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ منگل کو اس حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا تھا۔ ہم دستی نظام کے بجائے مکمل ڈیجیٹل ورک فلو پر غور کر رہے ہیں، جس میں نوٹس جاری کرنا، رقم وصول کرنا اور نوٹس کی ترسیل سب کچھ ڈیجیٹل طریقے سے کیا جائے گا۔نئے نظام کے تحت فیلڈ سطح کے افسران کو دہلی میونسپل کارپوریشن ایکٹ 1957 کے تحت خلاف ورزیوں کی موقع پر جانچ کرنے اور شہری جرمانے عائد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
افسر نے بتایا کہ اگر کوئی شخص جرمانہ ادا نہیں کرتا تو اسے فیصلہ سنانے والے افسر کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔ رقم کو ٹیکس کے بقایاجات کی طرح وصول کرنے کی بھی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض معاملات میں وصولی کے لیے جائیداد بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔
یہ ڈیجیٹل اقدام جن وشواس (ترمیمی دفعات) ایکٹ 2026 کے نفاذ کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے تحت متعدد معمولی میونسپل جرائم کو غیر فوجداری بنا دیا گیا ہے اور فوجداری مقدمات کی جگہ مالی جرمانوں کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔حال ہی میں جاری کیے گئے ایک دفتری حکم نامے کے مطابق ایم سی ڈی نے مختلف محکموں، جن میں ویٹرنری سروسز، صحت، لائسنسنگ، ڈی ای ایم ایس، انجینئرنگ، اشتہارات اور فیکٹری لائسنسنگ شامل ہیں، کے افسران کو شہری جرمانے عائد کرنے کے لیے مجاز قرار دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران کو اپیلوں کی سماعت کے لیے اپیلیٹ اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق پہلے قوانین پر مؤثر عمل درآمد نہ ہونے کی ایک بڑی وجہ عملے اور وسائل کی کمی کے ساتھ ساتھ جرمانوں کی انتہائی کم رقم تھی۔
مثال کے طور پر عوامی مقامات پر بغیر پٹے کے کتا گھمانے پر پہلے صرف 50 روپے جرمانہ تھا۔ایک افسر نے کہا کہ جب جرمانے کی رقم اتنی کم ہو تو لوگ اس کی پرواہ نہیں کرتے۔ اس کے علاوہ یہ دیکھنے والا بھی کون تھا کہ کوئی شخص کتے کو پٹے کے ساتھ گھما رہا ہے یا بغیر پٹے کے؟
انہوں نے مزید کہا کہ مکمل دستی نظام کی وجہ سے زمینی سطح پر نفاذ بھی مشکل تھا۔
افسر کے مطابق، چونکہ سارا عمل دستی تھا، اس لیے ہر خلاف ورزی کرنے والے کو جرمانہ کرنا ممکن نہیں تھا۔ لیکن اگر پورا نظام ڈیجیٹل ہو جائے تو نگرانی اور عمل درآمد کہیں زیادہ آسان ہو جائے گا۔ترمیم شدہ نظام کے تحت مجاز افسران کو افراد کو طلب کرنے، شواہد کا جائزہ لینے اور جرمانے عائد کرنے کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ جرمانے کے خلاف 30 دن کے اندر اپیل دائر کی جا سکے گی، جبکہ اپیلیٹ اتھارٹی کو 60 دن کے اندر فیصلہ سنانا ہوگا۔
حکام نے بتایا کہ اس نئے نظام کا نوٹیفکیشن 15 مئی کو جاری کیا گیا تھا اور فی الحال شہری ادارہ اس کے مؤثر نفاذ کے لیے عملی طریقۂ کار اور ڈیجیٹل ڈھانچے کی تیاری پر کام کر رہا ہے۔