نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو قوم کو نوراتری کی مبارکباد دی اور شہریوں کے درمیان "نئی طاقت اور ایمان" کی خواہش کی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اعظم مودی نے کہا:"آپ سب کو نوراتری کی بے انتہا مبارکباد۔ یہ مقدس تہوار، جو عقیدت، شجاعت، ضبط اور عزم سے بھرپور ہے، سب کی زندگی میں نئی طاقت اور نیا ایمان لے کر آئے۔ جے ماتا دی۔۔شرادیہ نوراتریایک متحرک اور مقدس ہندو تہوار ہے جو نو راتوں پر محیط ہوتا ہے اور دیوی درگا کی شکل میں مجسم نسوانی الٰہی توانائی کا جشن مناتا ہے۔ یہ تہوار اشون کے قمری مہینے میں منایا جاتا ہے اور اس میں پُرجوش عبادت، تفصیلی رسومات اور ثقافتی پروگرام شامل ہوتے ہیں۔
ہر دن دیوی کے مختلف روپ کو منسوب کیا جاتا ہے، جو طاقت، شفقت اور حکمت کے مختلف پہلوؤں کی علامت ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم مودی نے مزید کہا کہ پیر کا دن ماں شیل پتری کی عبادت کے لیے مخصوص ہے۔
انہوں نے لکھا:"آج نوراتری کے دوران ماں شیل پتری کی پوجا اور رسومات کا خاص دن ہے۔ میری خواہش ہے کہ ماتا کے پیار اور برکت سے سب کی زندگی نیک بختی اور اچھی صحت سے معمور ہو۔"
نو دنوں کے دوران عقیدت مند روزہ رکھتے ہیں، بھجن گاتے ہیں اور گربا اور ڈانڈیا جیسے روایتی رقص میں حصہ لیتے ہیں، جس سے خوشی اور عقیدت کا ماحول قائم ہوتا ہے۔
ادھر آج بعد میں وزیر اعظم تریپورہ جائیں گے جہاں وہ ماتاباری میں ‘ماتا تریپورہ سندری مندر کمپلیکس’کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے اور پوجا و درشن بھی انجام دیں گے۔
وہ اروناچل پردیش اور تریپورہ کے دورے پر ہوں گے، جہاں وہ ایتانگر میں 5,100 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر وہ ایک عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔