ممبئی
گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی آگ لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے۔ تازہ معاملہ مہاراشٹر کے بھیونڈی کا ہے، جہاں ایک کیمیکل فیکٹری اور تیل کے گودام میں بھیانک آگ لگ گئی۔ ہر طرف سیاہ دھوئیں کے بادل اور آگ کے خوفناک شعلے دیکھے جا سکتے ہیں۔ فائر بریگیڈ آگ پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ آگ بجھانے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے، لیکن شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ آگ اس قدر ہولناک ہے کہ دیکھنے والوں کے دل دہل گئے۔
یہ واقعہ بھیونڈی کے کھاڑی پار علاقے میں واقع ایک کیمیکل اور تیل کے گودام کا ہے۔ مول چند کمپاؤنڈ میں لگی اس بھیانک آگ میں لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاک ہو گیا۔ آگ کے شعلے اتنے تیز تھے کہ چند ہی لمحوں میں پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث آسمان پر سیاہ دھواں چھا گیا۔ فائر بریگیڈ کو فوراً اطلاع دی گئی، جس کے بعد کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ بجھانے کی کوشش مسلسل جاری ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
یاد رہے کہ 28 فروری کو بھی اسی بھیونڈی میں ایک ڈائنگ کمپنی میں بھی شدید آگ لگ گئی تھی۔ آگ نہایت خوفناک تھی اور فائر بریگیڈ کی 4 سے 5 گاڑیاں اسے قابو میں کرنے میں مصروف تھیں۔ آگ کی شدت کے باعث عملے کو کافی جدوجہد کرنی پڑی تھی۔