نئی دہلی: ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ نے جمعرات کو بھارت کی پہلی فلیکس فیول کار ویگن آر متعارف کرا دی، جسے خاص طور پر ایتھنول ملاوٹ والے ایندھن پر چلنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ فلیکس فیول گاڑی صارفین کو یہ سہولت فراہم کرتی ہے کہ وہ ای-20 سے ای-100 تک ایتھنول اور پٹرول کے کسی بھی تناسب پر گاڑی چلا سکیں۔
یہ گاڑی جدید ای سی یو (الیکٹرانک کنٹرول یونٹ) کیلیبریشن سے لیس ہے، جو ای-20 (20 فیصد ایتھنول ملا پٹرول) سے لے کر ای-100 (تقریباً خالص ایتھنول) تک کسی بھی ایندھن کے تناسب کے مطابق خود کو ڈھال سکتی ہے۔ ماروتی سوزوکی نے اپنے بیان میں کہا کہ ویگن آر ملک میں متبادل ایندھن والی گاڑیوں کی ایک مقبول اور پیش رو برانڈ رہی ہے، جس میں سی این جی اور ایل پی جی ماڈلز بھی شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق بھارت کی پہلی فلیکس فیول کار کا اجراء قومی توانائی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ایک اہم قدم ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے کہا کہ بھارت ہر سال بڑی مقدار میں خام تیل درآمد کرتا ہے، جبکہ ایتھنول جیسے حیاتیاتی ایندھن اس انحصار کو کم کرنے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلیکس فیول گاڑیاں ایتھنول کی پائیدار اور مضبوط طلب پیدا کریں گی، جس سے کسانوں، صنعت اور ماحولیات تینوں کو فائدہ پہنچے گا۔ گڈکری نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے دیگر گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں بھی فلیکس فیول ماڈلز متعارف کرائیں گی اور تیل کی صنعت ایتھنول کی تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو مزید وسعت دے گی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی گیس ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ بھارت کا ایتھنول مشن ناقابلِ توقف ہے۔
ان کے مطابق حکومت نے کسانوں کو صرف ’’انّ داتا‘‘ ہی نہیں بلکہ ’’اُرجا داتا‘‘ بھی بنا دیا ہے، جس سے ملک کی توانائی سلامتی مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلیکس فیول گاڑیاں ملک کے لیے ہر لحاظ سے فائدہ مند ہیں کیونکہ ان سے خام تیل کی درآمدات میں کمی، قیمتی زرمبادلہ کی بچت، آلودگی میں کمی اور دیہی خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ہساشی تاکیوچی نے کہا کہ کمپنی مختلف ٹیکنالوجیز اور ایندھن پر چلنے والی گاڑیاں متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماروتی سوزوکی بیٹری سے چلنے والی برقی گاڑیاں، ہائبرڈ گاڑیاں، سی این جی/سی بی جی اور ایتھنول فلیکس فیول گاڑیاں متعارف کرا رہی ہے تاکہ بھارت کے خام تیل کی درآمدات کم کرنے اور کاربن اخراج گھٹانے کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔