نئی دہلی/ آواز دی وائس
یوتھ افیئرز اور اسپورٹس کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے پیر کو ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد طنز کیا۔
وزیر نے وزیرِاعظم نریندر مودی کے بیان "کھیل کے میدان میں آپریشن سندور" کو دہراتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ سرحد پر ہارے، میدان میں بھی ہار گئے۔
ادھر اڈیشہ کے سابق وزیرِاعلیٰ نوین پٹنائک نے ہندوستانی ٹیم کو فتح پر مبارکباد دی اور پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہنے پر سراہا۔
پٹنائک نے ایکس پر لکھا خ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو پاکستان پر سنسنی خیز جیت کے ساتھ ایشیا کپ اٹھانے پر مبارکباد۔ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں آل راؤنڈ کارکردگی سے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا۔ دعا ہے ٹیم اسی جذبے کے ساتھ آگے بھی ملک کے لیے اعزازات جیتے۔ نیک خواہشات۔
ہندوستانی ٹیم کے پانچ وکٹ سے فتح حاصل کرنے کے بعد مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اس جیت میں تلک ورما کی شاندار 69 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ (53 گیندوں پر) اور سنجو سیمسن و شیوَم دوبے کے ساتھ ان کی قیمتی پارٹنرشپ نے بڑا کردار ادا کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور مجموعی طور پر نویں ایشیا کپ (ون ڈے سمیت) اپنے نام کیا۔
ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو شروعات میں سہیدزادہ فرحان (57 رنز، 38 گیندوں پر چار چوکے اور تین چھکے) اور فخر زمان (46 رنز، 35 گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے) کی 84 رنز کی پارٹنرشپ سے اچھا آغاز ملا۔ لیکن کلدیپ یادو (4/30) اور ورون چکرورتی (2/30) نے درمیانی اوورز میں میچ کا رخ پلٹ دیا۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن 12.4 اوورز میں 113/1 سے 19.1 اوورز میں 146 پر ڈھیر ہوگئی، جس میں جسپریت بمراہ (2/25) نے آخری دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہندوستان کے تعاقب میں ابتدا میں فیہم اشرف (3/29) کی تباہ کن بولنگ سے ٹیم 20/3 پر لڑکھڑا گئی۔ مگر تلک ورما (69*، 53 گیندوں پر تین چوکے اور چار چھکے) نے سنجو سیمسن (24 رنز، 21 گیندوں پر) کے ساتھ 57 رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم کو واپس مقابلے میں پہنچایا۔ اس کے بعد شیوَم دوبے (33 رنز، 22 گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے) نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تلک کے ساتھ میچ پر گرفت مضبوط کر دی۔ آخر میں رنکو سنگھ نے فاتحانہ رنز بنائے اور ہندوستان کو یادگار فتح دلا دی۔