منی پور حکومت امن برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے: وزیر اعلیٰ
نئی دہلی
منی پور کے وزیرِ اعلیٰ وائی کھیمچند سنگھ نے پیر کے روز کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس فورس کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرتشدد تحریکوں اور سرگرمیوں سے دور رہیں۔ ریاست میں تقریباً تین برس سے نسلی تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔
ریاستی پولیس کے لیے 477 نئی گاڑیوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط پولیس فورس کے بغیر منی پور میں امن قائم کرنا مشکل ہوگا۔سنگھ نے کہا کہ منی پور پولیس کے اہلکاروں نے ریاست میں تشدد کو قابو میں رکھنے اور روکنے میں بڑی ذمہ داری نبھائی ہے اور اس دوران بعض نے اپنی جانوں کی قربانی بھی دی۔ فوج، آسام رائفلز، مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اور دیگر تمام سیکیورٹی ایجنسیوں نے بھی ریاست میں پیش آنے والے افسوسناک تشدد کے بعد قانون و انتظام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
مئی 2023 سے اب تک میئتی اور کوکی-زو برادریوں کے درمیان ہونے والے نسلی تشدد میں 260 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ضلع بشنوپور کے ٹرونگلاوبی علاقے میں بم حملے کے نتیجے میں دو بچوں کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ایسے واقعات سامنے آئے جن میں بعض نوجوانوں نے پُرامن ریلیاں نکالنے اور بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا۔ میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کسی بھی قسم کی پرتشدد سرگرمی میں شامل نہ ہوں۔