كولكتہ
ممتا بنرجی نے منگل کے روز بھی اپنا دھرنا جاری رکھا۔ ووٹر فہرست میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن کے خلاف احتجاج کے پانچویں دن انہوں نے ایک منفرد انداز میں الیکشن کمیشن آف انڈیا پر حملہ کیا۔ انہوں نے مبینہ طور پر ووٹر فہرست سے نام ہٹائے جانے کے معاملے کو علامتی انداز میں پیش کرتے ہوئے پہلے ایک بورڈ پر ایس آئی آر اور غائب لکھا، پھر اسے مٹا دیا۔
مرکزی کولکتہ میں میٹرو چینل پر جاری دھرنے کے اسٹیج پر ممتا بنرجی ایک اسٹینڈ پر رکھے سبز بورڈ پر رنگوں سے تصویر بناتی نظر آئیں۔ ڈرائنگ بورڈ کے اوپر انہوں نے ایس آئی آر لکھا جبکہ درمیان میں سفید رنگ سے غائب کا لفظ تحریر کیا۔ اس کے بعد انہوں نے بورڈ پر کئی چھوٹے ٹیڑھے میڑھے دائرے اور نقشے جیسی ایک بڑی آؤٹ لائن بنائی اور آہستہ آہستہ سبز بورڈ کے کچھ حصوں کو سفید رنگ سے بھر دیا، جو واضح طور پر ووٹروں کے نام فہرست سے حذف کیے جانے کی علامت تھا۔ اس دوران ممتا بنرجی کافی خاموش رہیں۔ اسی وقت جب وہ ڈرائنگ بنا رہی تھیں، اُس دوران چیف الیکشن کمشنر ایک پریس کانفرنس کر رہے تھے۔
۔6 مارچ سے احتجاج جاری
واضح رہے کہ ممتا بنرجی 6 مارچ سے اس معاملے پر احتجاج کر رہی ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی ایس آئی آر کارروائی کے سبب 2026 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے ریاست میں بڑی تعداد میں حقیقی ووٹروں کے نام فہرست سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے بار بار الیکشن کمیشن پر الزام لگایا ہے کہ وہ بی جے پی کے اشاروں پر کام کر رہا ہے اور مغربی بنگال میں اصل ووٹروں کو ووٹ دینے سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سپریم کورٹ میں سماعت
مغربی بنگال میں ایس آئی آر عمل کے خلاف ممتا بنرجی اور دیگر ٹی ایم سی ارکانِ پارلیمنٹ کی درخواست پر سپریم کورٹ آف انڈیا میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے مشورہ کر کے ایک نوٹیفکیشن جاری کرے جس کے تحت ایک سابق چیف جسٹس اور دیگر ججوں پر مشتمل ایک اپیلٹ ٹریبونل قائم کیا جائے۔
یہ ٹریبونل ان اپیلوں کی سماعت کرے گا جنہیں عدالتی افسران مسترد کر رہے ہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ جو درخواستیں عدالتی افسران مسترد کریں گے، ان کی وجوہات بھی بتانا ضروری ہوگا۔ اس ٹریبونل کے اخراجات الیکشن کمیشن برداشت کرے گا۔
ریاستی حکومت کی جانب سے وکیل مینکا گرو سوامی نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی افسران اب تک تقریباً سات لاکھ مقدمات کی جانچ کر چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر ایسے معاملات کی تعداد تقریباً تریسٹھ لاکھ ہے اور ابھی تقریباً ستاون لاکھ درخواستیں زیرِ التوا ہیں۔