بنگالی مہاجر مزدور کا قتل: ممتا بنرجی نےانصاف کا مطالبہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-02-2026
بنگالی مہاجر مزدور کا قتل: ممتا بنرجی نےانصاف کا مطالبہ کیا
بنگالی مہاجر مزدور کا قتل: ممتا بنرجی نےانصاف کا مطالبہ کیا

 



کولکتہ
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو پُرولیا سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ مہاجر مزدور سُکھین مہاتو کے قتل پر شدید صدمے اور غصے کا اظہار کیا۔ سُکھین مہاتو مہاراشٹر کے شہر پونے میں کام کر رہا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے اس واقعے کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ مقتول کو اس کی زبان اور شناخت کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا، اور کہا کہ بڑھتی ہوئی اجنبیت دشمنی (زینوفوبیا) ایسے حملوں کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایكس پر ایک پوسٹ میں ممتا بنرجی نے لکھا كہ پُرولیا کے بندوان علاقے سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ مہاجر مزدور سُکھین مہاتو کے بہیمانہ قتل نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وہ اپنے خاندان کا واحد کمانے والا فرد تھا اور مہاراشٹر کے پونے میں کام کر رہا تھا۔ یہ کسی بھی صورت ایک نفرت پر مبنی جرم سے کم نہیں۔ ایک نوجوان کو اس کی زبان، اس کی شناخت اور اس کی جڑوں کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور قتل کر دیا گیا۔ یہ اس ماحول کا براہِ راست نتیجہ ہے جہاں اجنبیت دشمنی کو ہتھیار بنا دیا گیا ہے اور بے گناہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا كہ میں مجرموں کی فوری گرفتاری اور مثالی سزا کا مطالبہ کرتی ہوں۔ اور سُکھین کے خاندان سے میں کہنا چاہتی ہوں کہ اس ناقابلِ بیان غم کی گھڑی میں بنگال آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ انصاف دلانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
دریں اثنا، پیر کے روز بی جے پی کے رہنما دلیپ گھوش نے مغربی بنگال کی حکومت پر ریاست میں ہندوؤں کے تحفظ میں ناکامی کا الزام لگایا۔ انہوں نے خواتین کے خلاف بڑھتے مظالم اور اپوزیشن کارکنوں پر حملوں کا بھی دعویٰ کیا۔
کولکتہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دلیپ گھوش نے کہا كہ آج بنگال میں جس قسم کے واقعات ہو رہے ہیں، خواتین پر مظالم، اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں پر حملے، اور جب ہم اپنے پروگرام منعقد کرتے ہیں تو پولیس ہمارے جھنڈے اتار دیتی ہے۔ پولیس اور غنڈے مل کر یہ سب کر رہے ہیں۔ ہندو برادری کو اس صورتحال میں دھکیلا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا كہ اب بنگال میں مرشدآباد سے مالدہ کی طرف ہندوؤں کی ہجرت ہو رہی ہے۔ اس لیے ہندوؤں کے تحفظ کے لیے خود ہندوؤں کو آگے آنا ہوگا اور ایسے رہنما کا انتخاب کرنا ہوگا جو ان کی حفاظت کر سکے۔
ریاست میں سیاست گرم ہو گئی ہے کیونکہ مغربی بنگال میں رواں سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ برسرِ اقتدار ترنمول کانگریس کو بی جے پی کی جانب سے سخت چیلنج کا سامنا ہے۔ اس دوران، اپوزیشن کے  انڈیا بلاک کا حصہ ہونے کے باوجود، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں ٹی ایم سی نے کانگریس یا کسی دوسری اتحادی جماعت کے ساتھ اتحاد سے متعلق کوئی بات چیت شروع نہیں کی ہے۔