نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بدھ کے روز دہلی کے مالویہ نگر میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرین کو بروقت اور مناسب معاوضہ اور زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
حکام کے مطابق جنوبی دہلی کے مالویہ نگر میں واقع لیمن گرین ریسٹورنٹ میں بدھ کے روز اچانک لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔ دہلی فائر سروس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ریسٹورنٹ کے تہہ خانے سے تین افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کھڑگے نے کہا: "مالویہ نگر، دہلی میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر مجھے گہرا دکھ ہے۔ جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔" انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہیے کہ متاثرین کے لیے مناسب اور بروقت معاوضے کا انتظام کرے اور زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی امداد فراہم کی جائے۔ کھڑگے نے کانگریس کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد اور تعاون کریں۔