نئی دہلی: دہلی کے مالویہ نگر میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو ساکیت کے میکس اسپتال کا دورہ کیا اور زیرِ علاج زخمیوں سے ملاقات کرکے ان کی عیادت کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے زخمیوں کی صحت سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔
یہ افسوسناک واقعہ دارالحکومت دہلی کو ہلا کر رکھ دینے والا ثابت ہوا، جس میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ اس موقع پر بی جے پی کے رکنِ اسمبلی ستیش اپادھیائے نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ نے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور حکومت کی اولین ترجیح زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ان کے مطابق میکس اسپتال میں اس وقت 17 زخمی زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 7 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے مقابلے میں زخمیوں کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور آئندہ فیصلے وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے کیے جائیں گے۔ دریں اثنا، عینی شاہد ریاض الدین منصوری نے ریسکیو کارروائیوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے لوگوں کو آگ سے بچنے کے لیے عمارت سے چھلانگ لگاتے دیکھا تو اپنی دکان سے گدے لا کر سڑک پر بچھا دیے، جس کی مدد سے آٹھ افراد کی جان بچائی جا سکی۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کی لاشوں کو ڈھانپنے کے لیے چادریں بھی فراہم کی گئیں جبکہ فائر بریگیڈ بروقت موقع پر پہنچ گئی تھی۔
ان کے مطابق امدادی کارکنوں اور مقامی افراد نے مل کر 20 سے زائد لوگوں کو محفوظ نکال لیا۔ ایک اور عینی شاہد محمد وسیم خان نے بتایا کہ واقعے کی سنگینی دیکھ کر انہوں نے صبح 8 بج کر 52 منٹ پر ہوٹل کے مالک کو فون کیا اور صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مالک کو آگ لگنے کی اطلاع تو تھی لیکن شاید اسے اس کی شدت کا اندازہ نہیں تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مالک موقع پر آیا ضرور تھا، تاہم انہوں نے اسے کسی کو بچانے کی کوشش کرتے نہیں دیکھا۔ محمد وسیم خان کے مطابق وہ خود مسلسل لوگوں کو بچانے میں مصروف رہے اور صرف ایک نظر مالک کو سفید رنگ کی ٹی شرٹ میں ہوٹل کے باہر کھڑے دیکھا۔ ادھر دہلی پولیس مالویہ نگر ہوٹل کے منیجر کی گرفتاری کے لیے دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہے۔ یہ کارروائی ہوٹل کے مالک لوکیش باجاج کی گرفتاری کے بعد کی جا رہی ہے۔
پولیس نے لوکیش باجاج کے خلاف مالویہ نگر تھانے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے، جن میں غیر ارادی قتل، آگ یا دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نقصان پہنچانے، املاک کو نقصان پہنچانے، دوسروں کی جان یا سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور آتش گیر مواد کے حوالے سے غفلت برتنے سے متعلق دفعات شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش لوکیش باجاج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر ہوٹل کے روزمرہ انتظامات کی نگرانی کے لیے وقت نہیں نکال پاتے تھے اور یہ ذمہ داری ایک دوسرے شخص کے سپرد تھی، جو بلنگ، حسابات اور مجموعی انتظام سنبھالتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ باجاج نے یہ بھی بتایا کہ کمروں کے سائز میں اضافے اور دیگر تعمیراتی تبدیلیوں کی تجویز بھی اسی شخص نے دی تھی اور اسے یقین دلایا گیا تھا کہ ایسے انتظامات معمول کی بات ہیں۔
ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران لوکیش باجاج نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ہوٹل کے پاس محکمۂ فائر کی جانب سے جاری کردہ لازمی نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) موجود نہیں تھا۔ واضح رہے کہ اس ہولناک آتشزدگی میں 21 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 12 غیر ملکی اور 9 بھارتی شہری شامل تھے۔ واقعے کے بعد حفاظتی انتظامات اور عمارت کی قانونی حیثیت سے متعلق کئی سنگین سوالات سامنے آ گئے ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔