مالویہ نگر آگ حادثہ: مرنے والوں کی تعداد 21 ہوئی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-06-2026
مالویہ نگر آگ حادثہ: مرنے والوں کی تعداد 21 ہوئی
مالویہ نگر آگ حادثہ: مرنے والوں کی تعداد 21 ہوئی

 



نئی دہلی
جنوبی دہلی کے مالویہ نگر علاقے میں بدھ کے روز ایک پانچ منزلہ عمارت میں واقع بیڈ اینڈ بریک فاسٹ (بی اینڈ بی) میں خوفناک آگ لگنے سے کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں متعدد غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، جن کا تعلق زیادہ تر وسطی ایشیائی اور افریقی ممالک سے بتایا جا رہا ہے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں قریبی نجی اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کے اہلِ خانہ بھی شامل ہیں۔
آگ مالویہ نگر کے گنجان آباد علاقے حوض رانی میں واقع فلورش اسٹے بی اینڈ بی میں لگی۔ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ آگ قریب واقع لیمن گرین ریسٹورنٹ میں صبح تقریباً ساڑھے آٹھ بجے لگی تھی، تاہم بعد میں پولیس نے وضاحت کی کہ آگ ہوٹل کی عمارت میں بھڑکی تھی۔
فائر افسر ے کے ملک کے مطابق عمارت میں ایک تہہ خانہ، گراؤنڈ فلور اور اس کے اوپر پانچ منزلیں تھیں۔ گراؤنڈ فلور پر ریسٹورنٹ چلایا جا رہا تھا جبکہ باقی عمارت ہوٹل کے طور پر استعمال ہو رہی تھی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہوٹل میں داخلے اور باہر نکلنے کے لیے صرف ایک ہی راستہ موجود تھا، جبکہ فائر این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔حادثے کے بعد 40 سے زائد افراد کو بچا کر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 21 افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ذرائع کے مطابق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں 13 افراد کو لایا گیا، جن میں سے تین افراد عمارت سے گرنے کے باعث زخمی ہوئے جبکہ 10 افراد ریسکیو اہلکار تھے۔
دہلی فائر سروس، پولیس اور ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں نے دھوئیں سے بھر جانے والی عمارت میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لیے آپریشن چلایا۔ ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ متاثرین کو عمارت سے نکال کر ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
موقع پر موجود ویڈیو مناظر میں ریسکیو اہلکاروں کو عمارت کے تہہ خانے سے لوگوں کو نکالتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔آگ کے باعث عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ اطراف میں ملبہ، ٹوٹا ہوا شیشہ اور جلی ہوئی اشیا بکھری ہوئی تھیں۔ جائے وقوعہ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی جبکہ حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کا رخ موڑ دیا تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ وہ صبح تقریباً ساڑھے نو بجے علاقے سے گزر رہا تھا جب اس نے عمارت سے شعلے اور دھواں اٹھتے دیکھا۔اس نے کہا کہ میں نے چار سے چھ افراد کو جان بچانے کے لیے شیشے توڑ کر عمارت سے چھلانگ لگاتے دیکھا۔ ایک شخص کی ٹانگ گرنے کے باعث ٹوٹ گئی تھی۔
عینی شاہد کے مطابق بعد میں امدادی ٹیموں نے علاقے کو خالی کرا لیا اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا گیا۔علاقہ مکینوں نے بھی امدادی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ گواہوں کے مطابق ایک گدے فروخت کرنے والے شخص نے نیچے گدے بچھا دیے تاکہ چھلانگ لگانے والے افراد کو کم نقصان پہنچے، جبکہ دیگر لوگوں نے زخمیوں کو سی پی آر بھی دی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ عمارت پہلے کھادی بھنڈار کے طور پر استعمال ہوتی تھی اور بعد میں ہوٹل میں تبدیل کر دی گئی تھی۔ یہاں اکثر قریبی نجی اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کے اہلِ خانہ قیام کرتے تھے۔
بعض رہائشیوں نے دعویٰ کیا کہ عمارت میں باہر نکلنے کا صرف ایک راستہ تھا اور فائر بریگیڈ آگ لگنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد موقع پر پہنچی، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
ریسکیو آپریشن مکمل ہو چکا ہے اور پولیس تحقیقات کے لیے عمارت کو گھیرے میں لے چکی ہے۔آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔