نئی دہلی/ آواز دی وائس
آتمنربھرتا‘ (خود انحصاری) کے ہدف کی طرف بڑے قدم کے طور پر، دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستانی حکومت اگلی دہائی میں اپنے زیادہ تر دفاعی ساز و سامان کو مقامی سطح پر تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
دفاعی سکریٹری نے کہا کہ وقت کے ساتھ آپ یہ تبدیلی دیکھیں گے (درآمدی انحصار سے ہٹ کر)، اور امید ہے کہ اگلے دس برسوں میں ہمارے زیادہ تر آلات ہندوستانی ہوں گے۔ ہندوستان کے درآمدی انحصار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی سب سے بڑی وجہ ’لیگیسی سسٹمز‘ ہیں، جنہیں اکثر وسائل کی کمی کے باعث اُن کی سروس لائف سے زیادہ استعمال کرنا پڑتا ہے۔ تاہم، ہندوستان نے اب مقامی پیداوار کی طرف بڑا رخ اختیار کر لیا ہے اور دفاعی بجٹ کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ ملک کے اندر خرچ کیا جا رہا ہے، جو معیاری ہدف 75 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ درآمدی انحصار کا بڑا حصہ ہمارے پرانے سسٹمز سے جڑا ہے۔ گزشتہ مالی سال میں ہم نے تقریباً 85-86 فیصد بجٹ ملک کے اندر خرچ کیا۔ تبدیلی میں وقت لگے گا، کیونکہ ہم اپنے آلات کو جلدی تبدیل نہیں کرتے۔ وسائل کی کمی کے باعث ہم اکثر انہیں اُن کی سروس لائف سے زیادہ چلاتے رہتے ہیں۔
دفاعی سکریٹری نے مزید کہا کہ ہمارا معیاری ہدف یہ ہے کہ ہر سال کم از کم 75 فیصد بجٹ ملک میں خرچ ہو، اور ہم اس ہدف سے زیادہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال ہم نے تقریباً دو لاکھ کروڑ کے معاہدوں پر دستخط کیے، جن میں سے زیادہ تر ہندوستان میں ہوئے۔ وقت کے ساتھ درآمدی انحصار کم ہو گا، مگر تمام خلا کو مکمل خود انحصاری سے بھرنا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہندوستان کا درآمدی انحصار کم ہو رہا ہے، لیکن کچھ قابلِ اعتماد سپلائی چینز پر انحصار جاری رہے گا۔ وقت کے ساتھ انحصار کم ہوگا، لیکن مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکتا، خاص طور پر جیٹ انجن جیسے شعبوں میں۔ کچھ علاقوں میں مکمل خود کفالت ممکن نہیں۔ ایسے میں ہمیں بیرونی سپلائی چینز پر تکیہ کرنا ہوگا، مگر وہ ایسے ممالک سے ہوں جو ہمارے لیے قابلِ اعتماد ہوں، نہ کہ مخالف۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دفاع کو اس طرح مضبوط بنا سکتی ہے کہ بجٹ کا زیادہ سے زیادہ خرچ ملک کے اندر کیا جائے، زیادہ سے زیادہ معاہدے مقامی کمپنیوں کے ساتھ کیے جائیں اور باصلاحیت فرموں کی نشاندہی کی جائے۔ آرڈرز، تیز رفتار معاہدے اور بروقت خریداری سرمایہ کاری کو اپنی طرف کھینچنے کے لیے کافی ہیں۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق، ہندوستان نے مالی سال 2024-25 میں 1.54 لاکھ کروڑ روپے کی سب سے زیادہ دفاعی پیداوار درج کی، جبکہ 2023-24 میں مقامی دفاعی پیداوار 1,27,434 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو 2014-15 کے 46,429 کروڑ روپے کے مقابلے میں 174 فیصد اضافہ ہے۔تقریباً 16,000 مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز ملک کی مقامی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں ’’گیم چینجر‘‘ کے طور پر سامنے آ رہی ہیں، اور اب تک 462 کمپنیوں کو 788 صنعتی لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں۔
ہندوستان کی دفاعی برآمدات بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہیں، جو مالی سال 2024-25 میں 23,622 کروڑ روپے تک پہنچیں، جبکہ 2014 میں یہ رقم 1,000 کروڑ سے بھی کم تھی۔