تھائی لینڈ میں بڑا ٹرین حادثہ: 22 مسافر جاں بحق، 30 زخمی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-01-2026
تھائی لینڈ میں بڑا ٹرین حادثہ:  22 مسافر جاں بحق، 30 زخمی
تھائی لینڈ میں بڑا ٹرین حادثہ: 22 مسافر جاں بحق، 30 زخمی

 



آواز دی وائس
تھائی لینڈ میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ دارالحکومت بنکاک سے تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے کی جانب جانے والی ایک ٹرین اس وقت پٹری سے اتر گئی جب اس کے اوپر ایک کرین گر پڑی۔ پولیس کے مطابق اس ہولناک حادثے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور کم از کم 30 زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ بدھ 14 جنوری کی صبح بنکاک سے تقریباً 230 کلو میٹر دور صوبہ ناخون رتچاسیما کے سکھیو ضلع میں پیش آیا۔ ایک مقامی پولیس افسر نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 22 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
ٹرین تھائی لینڈ کے اوبون رتچتھانی صوبے جا رہی تھی۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک کرین ہائی اسپیڈ ریل منصوبے پر کام کر رہی تھی کہ اچانک وہ گر گئی اور عین اسی وقت گزرنے والی ٹرین کے اوپر آ گری۔ اس کے نتیجے میں ٹرین پٹری سے اتر گئی اور کچھ دیر کے لیے اس میں آگ بھی لگ گئی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ریسکیو کارروائی کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جائے حادثہ پر پہنچنے والے امدادی کارکن زخمیوں کو نکالنے کے لیے ٹرین کے ملبے کو کاٹ رہے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ٹرین میں 195 افراد سوار تھے
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیرِ ٹرانسپورٹ فیفات رتچاکٹ پراکن نے کہا کہ ٹرین میں کل 195 مسافر سوار تھے اور حکام جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔
یہ کرین تھائی لینڈ میں ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک کی تعمیر کے لیے 5.4 ارب ڈالر کے منصوبے میں استعمال کی جا رہی تھی۔ اس منصوبے کو چین کی حمایت حاصل ہے اور اس کا مقصد چین کے وسیع “بیلٹ اینڈ روڈ” بنیادی ڈھانچے کے اقدام کے تحت 2028 تک لاؤس کے راستے بنکاک کو چین کے شہر کنمنگ سے جوڑنا ہے۔
تھائی لینڈ میں صنعتی اور تعمیراتی مقامات پر حادثات طویل عرصے سے ایک عام مسئلہ رہے ہیں۔ یہاں حفاظتی ضوابط پر کمزور عمل درآمد کے باعث اکثر جان لیوا واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔