بلاسپور/ آواز دی وائس
چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں ایک المناک ریل حادثہ پیش آیا ہے، جہاں لوکل ٹرین اور مال گاڑی کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں 4 افراد کی موت کی اطلاع ملی ہے جبکہ کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
فی الحال جائے حادثہ پر ریسکیو اور راحت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیسنجر ٹرین کوربا سے بلاسپور کی طرف آ رہی تھی۔
ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ
ابتدائی معلومات کے مطابق بلاسپور کے لالکھدن کے قریب مال گاڑی اور پیسنجر ٹرین کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔
یہ حادثہ شام تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور مسافروں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ حادثے میں پھنسے مسافروں کو گیس کٹر کی مدد سے تباہ شدہ ڈبوں سے باہر نکالا جا رہا ہے
ریلوے کے اعلیٰ افسران جائے حادثہ پر
جنوب مشرقی وسطی ریلوے کے جنرل مینجر ترون پرکاش اور بلاسپور کے ڈویژنل ریلوے منیجر راجمَل کھوئیوال بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور راحت و بچاؤ کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وہیں بلاسپور کے ضلعی مجسٹریٹ (ڈی ایم) نے اس حادثے میں چار مسافروں کی موت کی تصدیق کی ہے جبکہ کئی دیگر مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں۔