ممبئی (مہاراشٹر): ممبئی-احمد آباد بلیٹ ٹرین منصوبے کے تحت مہاراشٹر میں تیسرے پہاڑی سرنگ (ٹنل) کی کھدائی کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی ہے۔ یہ سرنگ ضلع پالگھر کے دہانو تعلقہ کے امبیساری گاؤں میں واقع ہے۔ یہ سرنگ 417 میٹر طویل اور 14.4 میٹر چوڑی ہے، جسے بلیٹ ٹرین کوریڈور کی آنے اور جانے والی دونوں پٹریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے۔
سرنگ کی کھدائی دونوں اطراف سے کنٹرولڈ ڈرلنگ اور بلاسٹنگ تکنیک کے ذریعے کی گئی۔ تعمیراتی عمل کے دوران ڈھانچے کے استحکام اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے جدید نگرانی کے نظام اور جیو ٹیکنیکل آلات استعمال کیے گئے۔ کھدائی کے دوران کمپن، سرنگ کے رویے اور قریبی عمارتوں کی مسلسل نگرانی کے لیے سرفیس سیٹلمنٹ پوائنٹس (SSP)، تھری ڈی ٹارگٹس، اسٹرین گیجز اور سیسموگراف جیسے جدید آلات نصب کیے گئے تھے۔
سرنگ کے اندر مزدوروں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس مقصد کے لیے مؤثر وینٹیلیشن سسٹم، آگ سے بچاؤ کے انتظامات، کنٹرول شدہ داخلہ اور مسلسل جیو ٹیکنیکل نگرانی کا انتظام کیا گیا۔ منصوبے میں مجموعی طور پر آٹھ پہاڑی سرنگیں شامل ہیں، جن میں سے سات مہاراشٹر کے ضلع پالگھر جبکہ ایک گجرات کے ضلع والساد میں واقع ہے۔
منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور اب تک چار سرنگوں کی کھدائی مکمل ہو چکی ہے: MT-08 (350 میٹر) — 5 اکتوبر 2023 کو مکمل، MT-05 (1.5 کلومیٹر) — 2 جنوری 2026 کو مکمل، MT-06 (454 میٹر) — 3 فروری 2026 کو مکمل اور MT-07 (417 میٹر— یکم جون 2026 کو مکمل، باقی چار سرنگوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے: MT-04: تقریباً 60 فیصد کھدائی مکمل، MT-03: 80 فیصد سے زائد کام مکمل اور MT-02 اور MT-01: کھدائی کا کام مستقل رفتار سے جاری اس نئی سرنگ کی تکمیل کے ساتھ گزشتہ پانچ ماہ کے دوران مہاراشٹر میں تین پہاڑی سرنگوں کی کھدائی مکمل ہو چکی ہے، جو منصوبے کے انتہائی پیچیدہ حصے میں تیز رفتار پیش رفت کی علامت ہے۔
واپی اور بویسر بلیٹ ٹرین اسٹیشنوں کے درمیان واقع تینوں پہاڑی سرنگیں (MT-08، MT-07 اور MT-06) اب مکمل طور پر کھودی جا چکی ہیں۔ ممبئی-احمد آباد بلیٹ ٹرین کوریڈور مہاراشٹر کے بویسر اور گجرات کے واپی کے درمیان واقع اہم صنعتی علاقے سے گزرتا ہے، جہاں تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ یہ منصوبہ بھارت کے تیز رفتار ریل نیٹ ورک کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔