موہن یادو حکومت کا بڑا فیصلہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-06-2026
موہن یادو حکومت کا بڑا فیصلہ
موہن یادو حکومت کا بڑا فیصلہ

 



بھوپال
مدھیہ پردیش حکومت نے منگل کے روز ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری ملازمت کے قواعد سے دو بچوں کی شرط واپس لے لی ہے۔ وزیر اعلیٰ موہن یادو نے اعلان کیا ہے کہ مجوزہ مدھیہ پردیش سول سروس قواعد میں شامل دو بچوں کی شرط سے متعلق مسودہ واپس لے لیا گیا ہے اور اسے سرکاری پورٹل سے فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ریاستی حکومت کی جانب سے منگل کی دیر شام جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے سرکاری ملازمین اور سرکاری ملازمت کے خواہش مند امیدواروں کے مفاد میں یہ بڑا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری معلومات کے مطابق وزیر اعلیٰ نے اس معاملے کا جائزہ لینے کے بعد حکم دیا کہ مدھیہ پردیش سول سروس قواعد میں شامل وہ تجویز واپس لی جائے جس کے تحت سرکاری ملازمت کے لیے زیادہ سے زیادہ دو زندہ بچوں کی شرط رکھی گئی تھی۔
۔2001 میں نافذ ہوا تھا دو بچوں کا ضابطہ
یاد رہے کہ 2001 میں اُس وقت کی ریاستی حکومت کے فیصلے کے تحت محکمۂ عمومی انتظامیہ (جی اے ڈی) نے ایک ضابطہ نافذ کیا تھا، جس کے مطابق دو سے زیادہ زندہ بچوں والے امیدوار سرکاری ملازمت میں براہِ راست بھرتی اور محکمانہ تقرریوں کے لیے نااہل سمجھے جاتے تھے۔2001 میں نافذ کیے گئے قواعد کے مطابق، 26 جنوری 2001 یا اس کے بعد جن امیدواروں کے دو سے زیادہ زندہ بچے تھے، انہیں مدھیہ پردیش سول سروس (عمومی شرائطِ ملازمت) قواعد 1961 کے تحت سرکاری ملازمت کے لیے نااہل قرار دیا جاتا تھا۔
اس کے علاوہ مدھیہ پردیش سروس رولز (کنڈکٹ) 1965 کے تحت دو سے زیادہ بچوں کا ہونا سرکاری ملازمین کے لیے بدعنوان طرزِ عمل (مس کنڈکٹ) تصور کیا جاتا تھا۔وزیر اعلیٰ موہن یادو نے محکمۂ عمومی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ مجوزہ قواعد کا مسودہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور دو سے زیادہ زندہ بچوں کی بنیاد پر سرکاری ملازمت سے نااہلی سے متعلق تمام دفعات ختم کر دی جائیں۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ مقررہ قانونی عمل کے مطابق نیا ترمیم شدہ مسودہ تیار کرکے شائع کیا جائے۔
یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی تیاری
وزیر اعلیٰ موہن یادو نے حال ہی میں کہا تھا کہ مدھیہ پردیش میں جلد ہی یکساں سول کوڈ (یُو سی سی) نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں قائم چھ رکنی کمیٹی ریاست میں یُو سی سی کے نفاذ کے لیے مختلف مذہبی رہنماؤں اور سماجی نمائندوں کی آراء حاصل کرے گی۔
موہن یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا، کیونکہ آج مذہبی، سماجی اور خاندانی معاملات میں مختلف النوع آراء کی ضرورت نہیں ہے۔ موجودہ وقت میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم یکساں سول کوڈ کی سمت میں آگے بڑھیں۔